نام نہاد انتخابات کا مقصد عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنا ہے

اسلامک پولیٹکل پارٹی ، مشتاق محمود کی طر ف سے خان سوپوری کو کوٹ بھلوال جیل منتقل کرنے کی مذمت

اتوار 26 مارچ 2017 20:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2017ء) مقبوضہ کشمیر میں اسلامک پولیٹکل پارٹی جموں وکشمیر نے کشمیری عوام سے نام نہاد ضمنی انتخابات کامکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اسلامک پولیٹکل پارٹی کے رہنما عدنان سلفی نے آج ضلع اسلام آبادمیں کوکرناگ کے علاقے دیولگام میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نام نہاد انتخابات کو یک طرفہ ڈرامہ قرار دیا ۔

انہوں نے کہا کہ نام نہاد انتخابات کا مقصد عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنا ہے۔ انہوں نے کہا انتخابات میں حصہ لینے سے ہماری آزادی کی منزل قریب آنے کے بجائے دور ہوتی چلی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ پیلٹ، گولیوں اور طاقت کابے دریغ استعمال کرنے والوں کے حق میں ووٹ دینا شہداء کے خون سے بے وفائی ہوگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ نام نہاد ضمنی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرکے بھارت نواز سیاستدانوں کو مسترد کریں۔

دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے رہنما انجینئر مشتاق محمود نے آج مظفر آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے 80سالہ حریت رہنما غلام محمد خان سوپوری کو بدنام زمانہ کوٹ بھلوال جیل جموں منتقل کرنے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا بھارتی حکمرانوں نے پہلے خان سوپوری کا مکان چھین لیا اور اب انہیں گرفتار کرکے پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل بھیج دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :