وفاقی وزراء کی حالت دیکھ کر بھارتی فلم رودالی کی یاد تازہ ہو جاتی ہے ،سعیدغنی

اتوار 26 مارچ 2017 20:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر سعید غنی نے وفاقی وزراء کی طرف سے پیپلزپارٹی کے خلاف بیان بازی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزراء کی حالت دیکھ کر بھارتی فلم رودالی کی یاد تازہ ہو جاتی ہے جو کسی امیر کی فوتگی پر ان کے گھر جا کر روتی اور ماتم کرتی تھی۔ اپنے ایک بیان میں سینیٹر سعیدغنی نے کہا کہ وفاقی وزیر عابد شیر علی کی اہلیت صرف اتنی ہے کہ وہ نواز شریف کے بھانجے ہیں تاہم ان کا یہ بیان کہ شرجیل میمن کی ضمانت منسوخ ہو جائے گی نے نواز شریف کے زیر اثر قومی احتساب بیورو کی اصلیت کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عابد شیر علی کا بیان اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ نواز حکومت قومی احتساب بیورو کو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چلا رہی ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ پاناما چور بے نقاب ہو چکے، اب نہ صرف ہر میگا کرپشن بلکہ کرکٹ میں جواء کے حوالے سے بھی شریفوں کے نام لئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رائے ونڈ سلطنت کی بادشاہت کے دن ختم ہونے والے ہیں۔ طلال چوہدری جیسے لوگ جتنی بھی چھلانگیں لگائیں وزیر بننا ان کی قسمت میں نہیں ہے۔ انہوں نے طلال چوہدری کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے قد سے بڑھ کر باتیں کرنے کی بجائے اپنے مستقبل کا فکر کرتے ہوئے اپنی نئی منزل تلاش کریں۔

متعلقہ عنوان :