ایوب نیشنل پارک میںانوائرمنٹ میلے کا انعقاد،شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت

اتوار 26 مارچ 2017 20:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مارچ2017ء)ایوب نیشنل پارک راولپنڈی کینٹ میںلگائے گئے ’’ انوائرمنٹ میلے ‘‘ میںشہریوں نے پرجوش شرکت کرکے ماحولیاتی تحفظ کیلئے انفرادی سطح پر ہر ممکن کاوشیںبروئے کارلانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔میلے میں مختلف اداروں کی طرف سے لگائے گئے اسٹالز میںماحولیاتی مسائل اور مستقبل میںدرپیش ماحولیاتی چیلنجز کو اجاگر کیاگیا ۔

میلے میں سکولوں , کالجوں اور یونیورسٹیوں اور ماحولیاتی تحفظ کے لئے خدمات سرانجام دینے والے اداروں اور محکموں کے نمائندوںنے بڑ ی تعداد میں شرکت کی-ماحولیاتی میلے کا اہتمام نیشنل کلینرپروڈکشن سینٹر اٹک آئل ریفائنری مورگاہ کے زیر اہتمام کیا گیا تھا جس میں طلباء و طالبات نے پوسٹرز،بینرزاور ماڈلز کے زریعے موسمی تغیرات کے مہلک اثرات کو نمایاں کیا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل پاک ای پی اے فرزانہ الطاف شاہ نے وزارت موسمی تغیر کے سابق ڈائریکٹر جنرل جاوید علی خان کے ہمراہ میلے کا افتتاح کیا۔ انہوںنے میلے میں یونیورسٹیوںاور مختلف اداروںںکی طرف سے تیار کئے گئے ماڈلز کی تعریف کی اور کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ ہم ماحول کو آلودگی سے بچانے اور گلوبل وارمنگ کے خطرات سے بچنے کی تدبیر کریں۔ کلینئرسینٹر کے سربراہ ارشاد رامے نے اس موقع پر کہا کہ موسمی تغیرات کا مقابلہ کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم گرین ہاوس گیسز کے اخراجات میں ممکن حد تک کمی کریں اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لئے زیادہ سے زیادہ شجرکاری کریں۔

انوائرمنٹ میلے سے خطاب کرتے ہوئے وزارت موسمی تغیرات کے آئی جی فاریسٹ سید محمود ناصر نے کہاکہ حکومت کی طرف سے ملک میں جنگلات کی کمی پوری کرنے کے لئے گرین پاکستان پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت وسیع پیمانے پر شجرکاری کے منصوبے تیار کئے گے ہیں۔انہوںنے شرکاء سے کہا کہ وہ ماحول تغیرا ت اور موسمی تبدیلی کے مہلک اثرات سے بچنے کے لئے ماحول دوست پروگراموںمیں حصہ لیں اور بچوں کو شجرکاری کی ترغیب دیں تاکہ ملک میں بھر پور عوامی شرکت سے گرین پاکستان پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے۔

, وزارت موسمی تغیرات کے حکام اور ماحولیاتی ماہرین نے بھی میلے کو خوش آئند قرار دیا جس کا مقصد عوامی سطح پر ماحولیاتی مسائلکے بارے میں شعوری بیداری پیدا کرنا ہے۔میلے کے دوران مفید معلومات خاکے اور رنگار نگ دیگر پروگرام پیش کئے گئے جن میں بچوں نے ذوق و شوق سے حصہ لیا۔