کوہسارکی ثقافت ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں،نوجوانوں کا جشن نوروزکی تقریبات کا انعقاد کرنااحسن اقدام ہے، منیر احمد

اتوار 26 مارچ 2017 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مارچ2017ء) پاکستان مائونٹین فیسٹیول اور ڈیوکام پاکستان کے ڈائریکٹر منیر احمدنے گلگت بلتستان ٹیلنٹ اکسپلورنگ سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقدہ جشن نوروزکی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہا یوم نوروزتجدید یکجہتی اور جشن بہاراں کا موقع ہے، نوجوانوں کا جشن نوروزکی تقریبات کا انعقاد کرنااحسن اقدام ہے، اس موقع پر تمام سماجی طبقوں کو اپنے اختلافات بھلا کر انسانی رشتوں کو مضبوط کرنے کی روایت کو فروغ دینا چاہئے۔

پہاڑی علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگ ہمارے لئے بالائی سرحدوں کے محافظ ہیں،کوہساراوران کی ثقافت ہمارا قیمتی اثاثہ ہے۔منیر احمد نے کہا جشن نوروزکے سلسلے میں نوجوانوں کا اپنی مدد آپ کے تحت فٹ بال ٹونامنٹ کا انعقاد ان کی ہمت کی دلیل ہے، گلگت بلتستان کے متعلقہ اداروں کو ایسے نوجوانوں کی سر پرستی کرنا چائیے۔

(جاری ہے)

جشن نوروزکے موقع اس تقریب کا اہتمام پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کے تعاون سے کیا گیا تھا ، معروف فنکاروں سلمان پارس، اقبال حسین اقبال اور عظیم نے پہاڑی علاقوں کی مختلف زبانوں کے لوک گیت گا کر محفل میں موجود حاظرین کے دل موہ لئے۔

اس موقع پر مختلف جامعات کے طالب علموں نے مزاحیہ خاکے بھی پیش کئے۔ عرفان احمد، وسیم سجاد بیگ، اور آصف خان نے اپنی تنظیم اور فٹبال ٹورنامنٹ بارے حاضرین کو تفصیلات سے اگاہ کیا۔