پاسپورٹ آفس کے کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی سے متعلق مقدمے کی سماعت ملتوی

وزیر مملکت داخلہ کی اسمبلی میں یقین دہانی کے باوجود تاحال کوئی پیش رفت نہ ہونے پر ملازمین کا اظہار تشویش

اتوار 26 مارچ 2017 20:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مارچ2017ء) وفاقی وزارت داخلہ کے ماتحت ادارے امیگریشن وپاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ کے مشین ریڈ ایبل فیز ون ملازمین کی مستقلی سے متعلق درخواست کی سماعت 15مئی2017تک ملتوی کر دی گئی ہے ۔درخواست دہندگان نے استدعا کی ہے کہ انہیں کنٹریکٹ پر ملازمت کئے طویل عرصہ گزرنے کے باوجود تاحال ریگولر نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ان کی شدید حق تلفی ہو رہی ہے ۔

جسٹس محسن کیانی کی عدالت میں زیر سماعت مقدمہ کی حالیہ پیشی کے موقع پر وفاقی وزارت داخلہ کے ڈپٹی سیکرٹری خورشید خان اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سیکشن افسر مسٹر طاہر پیش ہوئے ۔مسٹر خورشید خان نے فاضل جج کو مطلع کیا کہ متذکرہ ملازمین کی مدت ملازمت میں مزید ایک سال کی توسیع کیلئے کنٹریکٹ کی منظوری دے دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ریگولائرائزیشن سے متعلق استفسار پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سیکش آفسر مسٹر طاہر نے عدالت کو بتایا کہ متذکرہ ملازمین کے ریگو لائرائزیشن سے متعلق دستاویزات موصول ہو گئی ہیں جن پر پیش رفت ہو رہی ہے ۔

اس پر فاضل جج نے دو ماہ کی مہلت دیتے ہوئے مقدمے کی سماعت 15مئی 2017تک ملتوی کر دی ۔ درخواست گزاروں کے وکیل طرف سے جلد تاریخ دینے کی استدعا پر فاضل جج نے کہا کہ ریگو لائرائزیشن میں کچھ وقت لگے گا اس لئے یہ مہلت کافی ہے ۔ یاد رہے کہ متعلقہ ملازمین 10,12سال سے کنٹریکٹ پر کام کر رہے ہیں جبکہ متعدد بار یقین دہانیوں کے باوجود انہیں تاحال مستقل نہیں کیا گیا ہے جبکہ ان میں سے بعض ملازمین بیرون ملک پاکستانی مشنوں میں تعینات کئے گئے ہیں جہاں انہیں کئی ماہ سے تنخواہ کی ادائیگی نہیں کی جا رہی ہے ۔

وزیر مملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمان نے اسمبلی میں توجہ دلائو نوٹس پر کہا تھا کہ متذکرہ ملازمین کا معاملہ ایک ماہ میں حل کر دیا جائے گا اور ان کو تمام بقایا جات اور مراعات کی ادائیگی کے ساتھ مستقل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تھا کہ اس سلسلے میں محکمہ کو فنڈ موصول ہو چکے ہیں تاہم متذکرہ مدت گزرنے کے باوجود اس ضمن میں تاحال کوئی واضح صورتحال سامنے نہیں آئی ہے جس کی وجہ سے متاثرہ ملازمین میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اور انہیں مالی اور ذہنی پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ فاضل عدالت کے طلب کئے جانے کے باوجود اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی طرف سے کوئی نمائندہ پیش نہیں ہوا تھا تاہم حالیہ پیشی پر سیکشن افسر مسٹر طاہر نے پیش ہو کر عدالت کو آگاہ کیاکہ متذکرہ ملازمین کو مستقل کرنے سے متعلق دستاویزات موصول ہوچکی ہیں جن پر کام جاری ہے ۔ (بشیر)

متعلقہ عنوان :