محکوم ، کمزور اور بے سہارا شہریوں کی عزت ، جان ومال ا ور آبرو کا تحفظ پولیس کا حقیقی مشن ہے ،قوم کے تحفظ کیلئے جان نچھاور کرنے والے شہداء مادر وطن کے عظیم ہیرو ہیں ، انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا کاپولیس لائن بہاول پور میں الوداعی دربار سے خطاب

اتوار 26 مارچ 2017 20:00

لاہور۔26 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2017ء) انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے کہا ہے کہ محکوم ، کمزور اور بے سہارا شہریوں کی عزت ، جان ومال ا ور آبرو کا تحفظ پولیس کا حقیقی مشن ہے اور اس عظیم ذمہ داری سے عہدہ برا ہونے کے لئے قانون کی بالادستی اور میرٹ پر سختی سے عملدرآمد بنیادی تقاضے ہیں۔قوم کے تحفظ کے لئے جان نچھاور کرنے والے شہداء مادر وطن کے عظیم ہیرو ہیںجن کے ورثا کے لئے حکومت نے خصوصی شہداء فنڈ قائم کیا ہے جس کے تحت کانسٹیبل اور ہیڈ کانسٹیبل کی شہادت پر مجموعی طور پر 2کروڑ 35لاکھ روپے کی مالی اعانت کی جائے گی۔

یہ بات انہوں نے پولیس لائن بہاول پور میں اپنے اعزاز میں منعقدہ الوداعی دربار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں ریجنل پولیس آفیسر بہاول پور محمد ادریس احمد، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاول پور اشفاق احمد خان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رحیم یار خاں ذیشان اصغر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاول نگر کیپٹن(ر) لیاقت علی ملک، ایس ڈی پی اوز ، انسپکٹرزاور پولیس کے اہلکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انسپکٹر جنرل پولیس نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ مادر وطن کے چپے چپے کی حفاظت پولیس کے افسران واہلکاران کی بنیادی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں آئین کی بالادستی اور قانون پر عملدرآمد کے لئے پولیس خدمات سرانجام دیتی ہے تاہم جدید اور متمدن معاشروں میں پولیس نہ صرف جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کرتی ہے بلکہ غریب، مظلوم ،بے سہارا افراد کے سماجی مسائل کے حل کے لئے بھی اپنی خدمات سرانجام دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مظلوم افراد کے تحفظ اوربے بس شہریوں کی خدمت کے ذریعے پولیس حقوق العباد کی انجام دہی کا اہم فرض بھی ادا کرتی ہے۔انسپکٹر جنرل پولیس مشتاق احمد سکھیرا نے کہا کہ دور جدید کے تقاضوں سے احسن طریقہ سے عہدہ براںہونے کے لئے پنجاب پولیس کے نظام کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کیا گیا ہے اورجنوبی ایشیا میں پنجاب پولیس واحد پولیس ہے جسے مکمل طور پر کمپیوٹرائزیشن کے ذریعے مزید موثر اور فعال بنا دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب پولیس کو جدید سہولیات فراہم کر کے سی سی ٹی وی کیمروں، ڈیجٹلائزیشن اور کمپیوٹرائزیشن کے ذریعے پولیس کی استعداد کار میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے ۔انہوں نے کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور جوانوں کو دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنزمیں کلیدی کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس کے جوانوں کے لئے پولیس ویلفیئر فنڈ، پنشن، وردی اور دیگر سہولیات میں بہتری لائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس میں تقریباً ایک لاکھ 26ہزار کانسٹیبلزاپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں جن کی میرٹ پرپروموشن کے لئے کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید کی بیوہ کی ماہانہ امداد ڈھائی ہزار روپے سے بڑھا کر 6ہزار روپے کر دی گئی ہے جبکہ بچوں کے لئے خصوصی وظیفہ ایک ہزار روپے ماہانہ بھی دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ بیوگان کو دفاتر کے چکروں سے بچانے اور اپنے اکائونٹس سے رقوم براہ راست نکلوانے کے لیے اے ٹی ایم کارڈز کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کے لواحقین ، بیوہ ، والدین اور بچوں کا ہر صورت خیال رکھا جائے گا کیونکہ شہداء نے اپنی جان قربان کر کے ملک وقوم کا مستقبل روشن کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہداء کے لواحقین کی تنخواہ جاری رہے گی جبکہ انہیں 20ہزار روپے ماہانہ مینٹیننس الائونس بھی دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر اعظم پاکستان کے خصوصی مشکور ہیں جنہوں نے شہدا ء پیکج کو من وعن منظور کر کے پولیس کے جوانوں کا حوصلہ بڑھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کے ڈویلپمنٹ بجٹ میں سو گنا اضافہ کر کے ڈھائی ارب روپے کر دیا گیا ہے۔آخر میں انہوں نے پولیس افسران اور اہلکاروں سے غریبوں، یتیموں اور بیوگان کو خصوصی انصاف کی فراہمی کے لئے عہد لیا۔قبل ازیں ریجنل پولیس آفیسر محمد ادریس نے تقریب سے خطاب میں آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا کی ملک وقوم کے لئے گراں قدر خدمات اور 35سال کامیاب ملازمت کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ مشتاق احمد سکھیرا نے اپنے اعلیٰ ویژن کے مطابق پولیس میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کے متعدد پراجیکٹس کا آغاز کیا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم، ہیومن ریسورس انفارمیشن سسٹم، ڈیجیٹل کیمروں کی تنصیب اور 8787آئی جی کمپلینٹ سنٹر اور میڈیا کنٹرول روم کا قیام ان کے کارہائے نمایاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب نے اپنے تین سالہ دور میں بطور سپہ سالار کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ، پولیس ریسپانس یونٹ کو موثر ، فعال اور کارآمد بنایا۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر بہاول پور میں بھی ڈولفن سکواڈ قائم کیا جا رہا ہے جس کے لئے افرادی قوت کی بھرتی اور انفراسٹرکچر کی تعمیر جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ بہاول پور ریجن میں پنجاب پولیس کے لوکیٹر کی سہولت کے لئے بھی درخواست کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے آئی جی آفس کا دورہ کیااور پولیس کی بڑھتی ہوئی پروفیشنل ڈلیورنس اور استعداد کار کا اعتراف کیا۔تقریب سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاول پور اشفاق احمد خاں، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رحیم یار خان ذیشان اصغر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاول نگر کیپٹن(ر) لیاقت علی ملک نے بھی خطاب کیا۔قبل ازیں آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے یادگارے شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

متعلقہ عنوان :