بجلی کی لوڈشیڈنگ اور مسلسل مہنگائی میں اضافہ عوام کی زندگی میں مشکلات کا سبب بن رہا ہے ،ذکر اللہ مجاہد

اتوار 26 مارچ 2017 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مارچ2017ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ اور مسلسل مہنگائی میں اضافہ عوام کی زندگی میں مشکلات کا سبب بن رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں خصوصی ضلعی ذمہ داران کے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد ، نائب امراء جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم ، انجینئر خالد عثمان ، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی لاہور عبدالعزیز عابد ، انس واحدی ، انجینئر حماد رشید ودیگر ذمہ داران نے شرکت کی ۔

انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے ، منہ زور مہنگائی نے غریب اور متوسط طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے جس پر قابو پانے کے لیے مرکزی اور صوبائی حکومتیں مکمل ناکام ہو چکی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہر بھر کے اتوار بازاروں میں مہنگائی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے جہاں شہری سستی اشیاء ضروریہ کی تلاش میں در در ٹھوکریں کھا تے ہیں آٹا ، چینی ،دالیں ، سبزیاں ، پھل غریب کی پہنچ سے دور سے دور ہوتے چلے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں غیر ضروری درآمدات کو کنٹرول کرنے میں حکومت پورطرح فیل ہو چکی ہے اور جس کی وجہ سے غیر ملکی قرضوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔انہوں نے مذید کہا کہ اس وقت ملک کے اندر ہمیں بطور سچا پاکستانی ان شخصیات کو پہچاننا ہوگا جو گذشتہ کئی دہائیوں سے لسانی ، صوبائی عصبیتوں کے دلفریب نعرے لگا کر اپنے نادیدہ سیاسی مقاصد حاصل کر رہے ہیں اور ملکی سرمایہ غیر ملکی بنکوں میں بھیج کر ملک کی معیشت کو کمزور بنا رہے ان کرپٹ سیاستدانوں اور افراد کے خلاف عوام کو اٹھنا ہوگا جو ملک و قوم کا سرمایہ دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک سے کرپشن ، بے روز گاری ، غربت و افلاس ، اقرباپروری کے خاتمے کی جدہوجہد کر رہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :