ہمیں کام سے روک کر انتخابات جیتنا پیپلزپارٹی کی خام خیالی ہے، میئر کراچی

جمعیت علمائے اسلام سے تو ہمارا بہت پرانا اتحاد ہے ہم مل کر آئندہ الیکشن میں پورے صوبے سے سبقت حاصل کرکے پی پی کا مکمل خاتمہ کردیں گے، وسیم اختر عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے عیاشیاں اب ختم ہونی چاہئیں، جو لوگ کراچی کی عوام کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، میڈیا سے بات چیت

اتوار 26 مارچ 2017 19:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2017ء) میئرکراچی وسیم اخترنے کہاہے کہ سندھ حکومت ہمیں کام کرنے نہیں دے رہی اور یہ سمجھتے ہیں کہ آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرلیں گے لیکن یہ ان کی خام خیالی ہے،سیاست میں کوئی دشمن اور کوئی دوست نہیں ہوتا، جمعیت علمائے اسلام سے تو ہمارا بہت پرانا اتحاد ہے ہم مل کر انتخابات کی تیاری کریں گے اور آئندہ الیکشن میں پورے صوبے سے سبقت حاصل کرکے پی پی کا مکمل خاتمہ کردیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی میںاقرا قمر الاطفال سیکنڈری اسکول کے نمایاں پوزیشن لینے والے بچوں میں اسناد کی تقسیم کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔میئرکراچی نے اقرا قمر الاطفال سیکنڈری اسکول کے 28 حافظ قرآن اور میٹرک میں نمایاں پوزیشن لینے والے 19 بچوں میں اسناد کی تقسیم کیں۔

(جاری ہے)

وسیم اختر نے کہاکہ شہرقائد کے وسائل کم اور مسائل زیادہ ہیں،شہر کے عوام کو پانی اور بجلی سے محروم رکھا جارہاہے جب کہ ہمارے پاس بھی اتنی خطیر رقم نہیں کہ ہم عوام کے مسائل کو مکمل ختم کردیں، جتنے پیسے ہوں گے اتنا ہی کام ہوگا پھر بھی ہم مسائل کے حل کی بھرپور کوشش کررہے ہیں۔

مئیرکراچی نے کہا کہ سندھ حکومت ہمیں کام کرنے سے روک رہی ہے، بلدیاتی نمائندوں کو کچرا اٹھانے والی گاڑیاں دینے کے بجائے انہیں گھومنے کے لئے کاریں دی جارہی ہیں یہ سیاسی رشوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ سمجھتی ہے کہ وہ ہمیں کام سے روک کر آئندہ عام انتخابات میں جیت جائے گی لیکن یہ ان کی خام خیالی ہے۔انتہا پسندی، تشدد، فرقہ واریت کے خلاف کام کرنا اصل جہاد ہے۔

آنے والی نسلوں کو دینی اور دنیاوی تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جائے۔حکومت تعلیم کے لئے سنجیدہ نہیں جو وہ تعلیم دے رہی ہے سب جانتے ہیں۔دنیا اور دینی کی تعلیمات سے بچوں کو دیناقائد اعظم کے فرمان کے عین مطابق ہیں۔بچوں کی اصل استاد ماں ہوتی ہے اور وہی معاشرے اور قوم کو رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر غیرقانونی ہائیڈرینٹس نے کام شروع کردیا ہے۔

اگر انہیں ختم نہ کیا گیا تو میں کے ایم سی کی ٹیم لا کر انہیں مسمار کردوں گا۔پانی کی غیرمنصفانہ تقسیم نہیں ہونے دیں گے۔پانی ، بجلی، سڑکیں ، صفائی ستھرائی شہریوں کا حق ہے۔آئندہ الیکشن میں جمعیت علمائے اسلام کے ساتھ مل کر انتخابات میں حصہ لیں گے۔ جمعیت علمائے اسلام سے شروع سے اتحاد ہے۔یہ دیکھ کر شرم آتی ہے کہ مضافاتی علاقوں کی بچیاں دور دور سے پانی لے کر آتی ہیں۔

اندرون سندھ کے جن چیئرمینز اورر وائس چیئرمینز کو گاڑیاں دی گئی ہیں وہ احتجاجا گاڑیاں واپس کردیں۔عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے عیاشیاں اب ختم ہونی چاہئیں۔ میئر کراچی نے کہاکہ جو لوگ کراچی کی عوام کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ہمیں گاڑیاں نہیں فنڈز چاہئیں تاکہ شہر کا حلیہ درست کرسکیں۔

متعلقہ عنوان :