املاک پر قبضہ کرنیوالے عناصر کیخلاف ایکشن لیا جائے، قبائلی معتبرین کا انتظامیہ سے مطالبہ

اتوار 26 مارچ 2017 19:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مارچ2017ء) قلعہ سیف اللہ کے قبائلی معتبرین ملک عبدالباری ،حاجی عبدالکبیر ودیگر نے وزیراعلیٰ بلوچستان ،چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ اور انتظامیہ کے حکام سے مطالبہ کیاہے کہ وہ ان کی نمبری اور غیر نمبری اراضیات پر اسلحہ کے زور پرقبضہ کرنے والے عناصر کے خلاف ایکشن لیں بصورت دیگر ایک ہفتے بعد قلعہ سیف اللہ قومی شاہراہ کو غیر معینہ مدت تک کیلئے بند کردیاجائیگا۔

(جاری ہے)

کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ضلع قلعہ سیف اللہ اور مسلم باغ کے مختلف علاقوں میں ہماری زیر کاشت نمبری اور غیر نمبری دونوں طرز کی اراضیات کو غیر قانونی طریقے سے آلاٹ کیا گیا ہے اس عمل میں ایک بااثر سیاسی شخصیت اور ضلعی آفیسران کی بھی قبضہ گیروں کو پشت پناہی حاصل ہے ،انہوں نے کہاکہ اس قبضہ گیری کے باعث 8ہزار سے زائد افراد کی حق تلفی ہورہی ہے بلکہ ہماری اراضیات میں موجود کروڑوں روپے کے کرومائیٹ اور دیگر اراضیات بھی روزانہ کی بنیاد پر نکالے جارہے ہیں جبکہ دوسری جانب مذکورہ اراضیات کی حقیقی مالک نان شبینہ کے محتاج ہے ،انہوں نے کہاکہ علاقے میں اسلحہ کے زور پر اراضیات پر قبضے کے باعث کشیدگی پائی جارہی ہے اور کسی بھی وقت تصادم ہوسکتاہے اس لئے وزیراعلیٰ بلوچستان ،چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ ،کور کمانڈر اور دیگر اس مسئلے کا نوٹس لیں بصورت دیگر ایک ہفتے کے بعد قلعہ سیف اللہ قومی شاہراہ کو غیر معینہ مدت تک کیلئے بند کرینگے انہوں نے مطالبہ کیاہے کہ انہیں بھی ہرنائی کوسٹ ودیگر کی طرز پر ایف سی کی سیکورٹی دی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جاسکے اور وہ اپنی آبائی اراضیات میں موجود معدنیات کے خزانے سے فائدہ اٹھا سکے ،انہوں نے کہاکہ کسی بھی قسم کے خون خرابے کی ذمہ داری قبضہ گیروں کی پشت پناہی کرنیوالے بااثر شخصیت ودیگر پر عائد ہوگی ۔