یوم پاکستان سندھ اسپورٹس بورڈ ٹرافی باسکٹ بال ٹورنامنٹ: آرام باغ اور الفاء کلب کی کامیابی

اتوار 26 مارچ 2017 19:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2017ء) کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سندھ اسپورٹس بورڈ حکومت سندھ کے تعاون سے آرام باغ باسکٹ بال کورٹ کراچی پر جاری "یوم پاکستان سندھ اسپورٹس بورڈ ٹرافی باسکٹ بال ٹورنامنٹ " میں مزید 2میچوں کے فیصلے ہوگئے۔

(جاری ہے)

پہلے میچ میں آرام باغ باسکٹ بال کلب نے ملیر ٹروجنز کو سخت اور دلچسپ مقابلے کے بعد 37-35سے شکست دیکر اگلے مرحلے میں قدم رکھ لیا ،فاتح آرام باغ کلب کی جانب سے اسد امام نے 20اور فیصل ،عبداللہ نے 5،5اسکور کئے جبکہ ملیر ٹروجنز کی جانب سے عمران خان نے 9،فراز نے 8اور علی رضا نے 7پوائنٹ اسکور کئے ۔

کھیلے گئے دوسرے میچ میں الفاء کلب نے حلیم بوائز کلب کو 42-31سے باآسانی شکست دیکر اپنی پیش قدمی کو یقینی بنا یا ،فاتح الفاء کلب کی جانب سے ارسلان خان نے 11اور شاہ میر ،بختیار احمد نے 8،8پوائنٹ اسکور کئے جبکہ حلیم بوائز کے عمار احمد نے 10محمد انس نے 8اور فراز حسین نے 6پوائنٹ اسکور کئے ۔کھیلے گئے میچ میں ریفریز کے فرائض طارق حسین ،محمد جاوید ،نزاکت خان ،غلام رسول ،عامر غیاث اور ممتاز احمد نے انجام دیئے جبکہ ضائمہ طارق نے اسکورر اور دلاور عباس خان نے ٹائم کیپر کے فرائض انجام دیئے ۔