4سا ل سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر28مارچ کو احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان

نیو ٹیچرز ایکشن کمیٹی منگل کی صبح10بجے عوامی پریس کلب ملیر سے کراچی پریس کلب تک ریلی نکالے گی مرد و خواتین اساتذہ اور غیر تدریسی عملہ سے بھرپور شرکت کی اپیل ،حقوق کیلئے طاقت کا مظاہر ہ بھی کیا جائیگا

اتوار 26 مارچ 2017 19:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2017ء) نیو ٹیچرز ایکشن کمیٹی نے گذشتہ دور میں محکمہ تعلیم کراچی میں بھرتیوں کے بعد 4 سال سے زائد مدت گذر جانے کے باوجود اساتذہ کو تنخواہیں جاری نہ کرنے کے خلاف 28مارچ بروز منگل کو بھرپور احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کردیا ہے۔ نیو ٹیچرز ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ابو بکر ابڑو ، ملک امداد، ایم اسحاق، جبار بھٹی، افضل کوریجو، مصعب عباسی، ایاز عباسی ، ارشد احمد اور عبدا لحکیم تینئو نے اتوار کے روز اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی کے گذشتہ دور میں بھرتی ہونے والے مرد و خواتین اساتذہ اور غیر تدریسی عملہ 28مارچ بروز منگل صبح10بجے عوامی پریس کلب ملیر سے کراچی پریس کلب تک نکالی جانیوالی احتجاجی ریلی میں بھرپور شرکت کریں بعد ازاں کراچی پریس کلب پر اپنے حقوق کے حصول کے لیے بھرپور طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

رہنمائوں کا کہنا تھا کہ روٹی ،کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والی پارٹی کے دور میں اساتذہ کی حق تلفی کی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے گذشتہ دور 2012ء میں تقریبا3ہزار اساتذہ کومحکمہ تعلیم کراچی میں ملازمتیں دی گئی تھیں لیکن بھرتی کے بعد اساتذہ کو اب تک ایک ماہ کی تنخواہ بھی جاری نہیں کی گئی ۔نیو ٹیچرز ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ابو بکر ابڑو کا کہنا تھا کہ زبانی کلامی ہماری بھرتیوں کو جعلی یا غیر قانونی قرار دینے کی ناکام کوشش کی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اساتذہ دشمن رویہ ترک کرے اور 4سال سے رکی تنخواہیںفوری جاری کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں ورنہ احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کر دیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :