جرائم پیشہ بلڈر مافیا کو لگام دی جائے،ڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی

اتوار 26 مارچ 2017 19:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2017ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے مطالبہ کیا ہے کہ جرائم پیشہ بلڈر مافیا کو لگام اور جماعت اسلامی کے کارکن کو اغوا کرنیوالوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے،آئی جی سندھ اور وزارت داخلہ کوفوری نوٹس لینا چاہئے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے دفتر میںعمر مبین اور شعیب عابدی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے ایک وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔

اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر محمد عظیم بلوچ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وفد نے صوبائی امیر کو بتایا کہ جماعت اسلامی کے کارکن عمر ذہین کو ہائیکورٹ سے نکلتے ہوئے 9فروری کو اغوا کیا گیا تھا۔ہائیکورٹ میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی آشیرباد کے ساتھ بلڈر مافیا کی غیر قانونی تعمیرات کیخلاف عمر ذہین کی پٹیشن کی سماعت جاری ہے۔ عمر ذہین کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور مقدمہ واپس نہ لینے پر جان سے مارنے کی دہمکیاں دی گئیں۔ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے زوردیا کہ آئی جی سندھ اور وزیرداخلہ فوری طور پرنوٹس لیں۔ قانون پسند شہریوں کو مجرموں کے رحم وکرم پر چھوڑنے والے معاشرے کو بدامنی سے دوچار کرتے ہیں۔