پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر برنڈ ہلڈن برانڈ نے پی آئی اے ریمپ سروس اور فوڈ سروس ڈویژنز کا دورہ کیا

پی آئی اے نے پچھلے ایک سال کے دوران گراؤنڈ سروس کیلئے استعمال ہونے والی 24 نئی گاڑیوں کا اضافہ کیا ہے ، چیف ایگزیکٹو برنڈہلڈن برانڈ

اتوار 26 مارچ 2017 19:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2017ء) پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر برنڈ ہلڈن برانڈ نے پی آئی اے ریمپ سروس اور فوڈ سروس ڈویژنز کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے گراؤنڈ سروس مشینری اور مسافروں کے استعمال کی گاڑیوں کا معائنہ کیا جنہیں پی آئی اے نے اپنے وسائل سے دوبارہ سے تیار کر کے لاکھوں روپوں کی بچت کی ہے۔

اس موقع پر پی آئی اے کی سینئر انتظامیہ سے گفتگو کے دوران کارکردگی پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے نے پچھلے ایک سال کے دوران گراؤنڈ سروس کیلئے استعمال ہونے والی 24 نئی گاڑیوں کا اضافہ کیا ہے جن میں اے سی وینز، بیگج بیلٹ، ایمبو لفٹر اور ہائی لفٹر شامل ہیں جبکہ طیاروں کیلئیچار گراؤنڈ پاور یونٹس بھی جلد اس میں شامل ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ پرانی مشینری کی اوورہالنگ بھی پی آئی اے کے اپنے وسائل کو استعمال کرتے ہوئے کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ائر لائن میں طیاروں کے ساتھ ساتھ گراؤنڈ مشینری بھی نہایت اہمیت کی حامل ہوتی ہے لیکن بدقسمتی سے پی آئی اے کا یہ لازمی جزو 25 سال سے زائد پرانا ہے اورا س سلسلے میں گزشتہ کئی سالوں سے سرمایہ کاری نہیں کی گئی۔ اس لئے ضروری ہے کہ موجودہ اور نئی مشینری کی حفاظت کی جائے تا کہ یہ آنے والے مہینوں اور سالوں میں ائر لائن کو سروس فراہم کرتی رہے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر نے گزشتہ ایک سال میں دونوں ڈویژنز کی کارکردگی میں مثبت تبدیلیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گو کام درست سمت میں کیا جا رہا ہے لیکن ابھی بہتری کی بہت گنجائش موجود ہے۔ ہلڈن برانڈ نے انتظامیہ پر زور دیا کہ کہ وہ اپنے شعبہ جات کی کارکردگی میں مزید بہتری لائیں اور خاص طور پر گراؤنڈ سپورٹ کی مشینری کی دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں بالخصوص پچھلے ایک سال کے دوران کیٹرنگ ڈویژن میں صفائی اور حفظان صحت کے اصولوں کے تحت مسافروں کیلئے معیاری کھانوں کی تیاری پر شعبہ کی نمایاں کارکردگی کو سراہا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر نے مختلف شعبہ جات میں مینٹینس کی سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔