ْعافیہ کی واپسی میں تاخیر سے حکومت کی ساکھ اور وقار میں کمی ہورہی ہے ، سینیٹر طلحہ محمود

قوم کی بیٹی عافیہ کے ساتھ جو ظلم و نا انصافی ہوئی ، اُس کی مثال ملنا مشکل ہے ، فوری واپسی کو یقینی بنایا جائے،عافیہ قافلہ غیرت ‘‘کے شرکاء سے گفتگو

اتوار 26 مارچ 2017 19:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2017ء)سینیٹر طلحہ محمود نے کہا ہے کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کے ساتھ جو ظلم و نا انصافی ہوئی ہے ، اُس کی مثال ملنا مشکل ہے ۔ حکومت پاکستان عافیہ کی وطن واپسی کو یقینی بنائے ۔ ’’عافیہ قافلہ غیرت ‘‘ کے شرکاء خراج تحسین کے مستحق ہیں ۔ غیور پاکستانی قوم اپنی بیٹی عافیہ کی واپسی کے لئے والہانہ جذبات رکھتی ہے ۔

وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف ’’عافیہ قافلہ غیرت ‘‘ کی آواز سنیں اور اپنا وعدہ نبھائیں ۔وہ اسلام آباد پریس کلب کے باہر’’عافیہ قافلہ غیرت ‘‘کے شرکاء سے گفتگو کر رہے تھے ۔ اس موقع پر ڈیفنس آف ہیومن رائٹس کی چیئرپرسن آمنہ مسعود جنجوعہ پاکستان تحریک انصاف لیڈیز ونگ راولپنڈی کی صدر فرح آغاو دیگر خواتین، عافیہ قافلہ غیرت کے انچارج انعام اللہ مروت ، انور خان ،اعجاز احمد ، شکیل احمد ستار، اورنگزیب خان ، عادل انور ، سعد ،لکی مروت سے اسلام آباد تک425 کلو میٹر پیدل سفر میں بھر پور جوش و جذبہ اور ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لئے ہر گلی کوچے میں معصومانہ طریقے سے ’’ڈالر نہیں عافیہ ‘‘ کے نعرے لگانے والا 6 سالہ وسعت اللہ خان وسعت اور ڈی ایچ آر کے وقاص زاہد ، فرقان احمد و دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اتوار کو بھی دن بھر اسلام آباد پریس کلب کے باہر پہنچ کر مختلف سیاسی و سماجی ورکرز نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لئے اظہار یکجہتی کیا ۔ آمنہ مسعود جنجوعہ اور انعام اللہ مروت نے کہا کہ ’’عافیہ قافلہ غیرت ‘‘ حکومت کے لئے ایک پیغام ہے کہ وہ فی الفور قوم کی بیٹی عافیہ کو وطن واپس لائے۔ غدار وطن شکیل آفریدی کو خفیہ ڈیل کے تحت امریکہ کے حوالے کردیا گیا اور عافیہ کووطن واپس نہ لایا گیا تو یہ حکومت کا سیاہ ترین نا قابل معافی جرم ہوگا ۔