پی ٹی آئی کی حکومت نے صوبے میں سڑکوں اور شاہراہوں کی بہتری اور اصلاح کیلئے عملی بنیادوں پر اقدامات کئے ہیں کیونکہ مواصلات کا شعبہ کسی بھی علاقے کی تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے

صوبائی وزیر کھیل محمود خان کا موضع سمبٹ مٹہ سوات میں سڑک کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اتوار 26 مارچ 2017 19:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مارچ2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل و ثقافت اور تحریک انصاف ملاکنڈریجن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے صوبے میں سڑکوں اور شاہراہوں کی بہتری اور اصلاح کیلئے عملی بنیادوں پر اقدامات کئے ہیں کیونکہ مواصلات کا شعبہ کسی بھی علاقے کی تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

وہ اتوار کو موضع سمبٹ مٹہ سوات میں سڑک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔واضح رہے کے تقریباً 51لاکھ روپے کی لاگت سے سمبٹ گائوں کی سڑک کی تعمیر و مرمت کی جائے گی جس سے سمبٹ گائوں کے لوگوں کو آمد و رفت کی بہتر سہولت فراہم ہو گی۔اس موقع پر ضلعی کونسلر بہادر خان ، پی ٹی آئی مٹہ کے رہنما ملک اختر علی خان کے علاوہ معززین علاقہ کثیر تعداد میں موجود تھے ۔

(جاری ہے)

محمود خان نے کہا کہ عوام کی بلاامتیاز خدمت او ران کے مسائل کا حل موجودہ صوبائی حکومت کے ایجنڈے میں سرفہرست ہیں اور تمام سرکاری اداروں میں اصلاحات کرکے عوام کے دیرینہ اور حل طلب مسائل حل کئے جا رہے ہیں اور یہی پی ٹی آئی کے تمام رہنمائوں کا مشن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے جب اقتدار سنبھالاتو صوبہ گونا گوں مسائل و مشکلات ،دہشت گردی اور بدامنی کا شکار تھا عوام خوف اور بے یقینی صورت حال کا شکار تھے ایسے سنگین حالات پر قابو پانا آسان کام نہیں تھا تاہم ہماری شبانہ روز اور انتھک کوششوں اور الله تعالیٰ کی مدد سے نہ صرف ہم ان حالات پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے بلکہ آج الله تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہم عوام کے سامنے بھی سرخرو ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پی ٹی آئی کی مقبولیت میں روزبروز اضافہ ہو رہا ہے اور دوسری سیاسی پارٹیوں کے کارکن جوق درجوق پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے پر فخر کر رہے ہیں ۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے تختی کی نقاب کشائی کرکے سمبٹ گائوں کی سڑک پر باقاعدہ تعمیراتی کا م کا آغاز کر دیا ۔

متعلقہ عنوان :