جماعت اسلامی اپریل میں ملک گیر رابطہ عوام مہم شروع کرے گی‘میاں مقصود احمد

بددیانتی اور کرپشن جیسے مسائل پاکستان کو ناسور کی طرح کھا رر ہے ہیں‘امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں

اتوار 26 مارچ 2017 19:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2017ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ جماعت اسلامی اگلے ماہ اپریل میں رابطہ عوام مہم کاآغاز کر رہی ہے۔اس مہم کے ذریعے کرپٹ اشرافیہ کو بے نقاب کیاجائے گا۔ نظریہ پاکستان کو نئی نسل کے سامنے رکھاجائے گا اور پھر عوامی طاقت کے ذریعے لٹیروں اور چوروں سے منصب امامت لے کردیانتدار لوگوں کے ہاتھ میں دیاجائے گا۔

جماعت اسلامی تمام اداروں کے اندر ہونے والی کرپشن،بدمعاشی اور ظلم وزیادتی کو پوری طاقت سے روکے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وضلعی ذمہ داران کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ہمارے حکمران قیامت کے روز ملک کی حکمرانی کے بارے میں جوابدہ ہوں گے۔ہمار ا حکمرانوں سے یہ مطالبہ ہے کہ وہ ملک کے اندر اسلامی نظام کوقائم کریں۔

(جاری ہے)

ملک کو لوٹنے والے دنیا کی عدالتوں سے تو بری ہوسکتے ہیں لیکن اللہ کی عدالت میں جواب دینا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک کے اندر کرپشن کو بے نقاب کرنے والوں کو موت کے منہ میں دھکیل دیاجاتا ہے جبکہ کرپٹ لوگوں کو نہ صرف تحفظ دیاجاتا ہے بلکہ بیرونی طاقتیں انہیں اپنے ملکوں کے اندر پناہ بھی دیتی ہیں۔بیرونی خفیہ ہاتھ پاکستان کے اسلامی تشخص کو ختم کرنے کیلئے بے حیائی اور بدتہذیبی کو فروغ دے رہے ہیں۔

وطن عزیز کو بھارت اور دیگر دشمن طاقتوں سے خطرہ ہے۔یہ عناصر ملک کی جڑوں کو دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں۔پاکستان کے اندر اسلامی انقلاب کو غالب ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ بد دیانتی اور کرپشن ملک کو نا سور کی طرح کھا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملکی حالات کرپشن کی وجہ سے خراب ہیں حکومت کا کوئی محکمہ بھی اس سے پاک نہیں۔ خود حکمران دونوں ہاتھو ں سے وطنِ عزیز کو لوٹنے میں سر گرم ہیں۔

بیرونِ ملک جائیدادیں بنائی جا رہی ہیں۔کاروبار بنائے جا رہے ہیں۔اور اس کا کوئی حساب نہیں۔انکے لئے سرمایہ کہاں سے آیا اور کس طرح کمایا۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سونا اگلنے والی زمین کو لوٹ مار کا بازار گرم کر کے کنگال کر دیا گیا ہے اپنی عیاشیوں کے لئے قرضے لے کر ملک کو مقروض بنا دیا گیا۔انہوں نے کہا ہم اقتدار میں آ کر ملک کو اسلامی اور فلاحی ریاست بنائیں گے۔جہاں کسی کو لوٹ مار کر کے باہر بھاگنے نہیں دیا جائے گا۔ہم برسر اقتدار آکر ایسا نظام لائیں گے جہاں انصاف کا بول بالا ہو گا۔ جہاں حکمران عوام اور اللہ کو جواب دہ ہونگے۔