ہنر مند خواتین پاکستان کا روشن مستقبل ہیں‘ سینیٹر نجمہ حمید

اتوار 26 مارچ 2017 18:30

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2017ء) سینیٹر نجمہ حمید نے کہا ہے کہ ہنر مند خواتین پاکستان کا روشن مستقبل ہیں جن کی عملی شرکت سے ملک میں معاشی ترقی کی رفتار تیز کی جا رہی ہے اور کاٹیج انڈسٹری کو فروغ دے کر علاقائی ترقی اور سکل ڈیویلپمنٹ کے مقاصد حاصل کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات محکمہ سماجی بہبود و بیت المال راولپنڈی کے زیر اہتمام یوم پاکستان کے حوالے سے ادارہ صنعت زار میں دو روزہ نمائش کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔

نمائش میں محکمہ سماجی بہبود راولپنڈی ، اٹک ، جہلم اور چکوا ل کے اداروں اور مختلف دیگر تنظیموں کی طرف سے ہنر مند خواتین کی تیار کی گئی اشیاء رکھی گئی تھیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر راولپنڈی ڈویژن محمد اسلم میتلا ، انچارج ادارہ صنعت زار و آرگنائزر صنعتی نمائش مسز طلعت شبیر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ویمن ڈیویلپمنٹ سینٹر راولپنڈی نبیلہ ملک ، عامر شاہ ،محمد وسیم ، دیگر اضلاع کے سوشل ویلفیئر افسران ، سوشل ویلفیئر سروسز کی چیئرپرسن شاز خان اور صنعت زار کی طالبات بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

نجمہ حمید نے محکمہ سوشل ویلفیئر کی سماجی خدمات اورہر اڑے وقت میںسماجی ادارے کی فعال کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ محدود مالی وسائل کے باوجود محکمہ سماجی بہبود کے ادارے شاندار خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو ہنرمند بنانے کے لئے مفید علوم و فنون میں تربیت کے مواقع فراہم کرنا ایک بہت بڑی قومی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)کی حکومت نے خواتین کو معاشرے میں نمایاں دیا ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ اور معاشی خوشحالی کے لئے بڑے پیمانے پراقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

نمائش کے دورے کے دوران انہوں نے خواتین کے اعلی کام اور معیار کو سراہا ۔ محمد اسلم میتلا نے خطاب کے دوران کہا کہ محکمہ سماجی بہبود رضا کار اداروںکے تعاون سے معاشرے سے غربت ، افلاس ، بے روزگاری اور معاشی تفاوت کے خاتمے کے لئے کوشاں ہے اور اس مقصدکے لئے کئی تربیتی اور فلاحی پروگرام جاری ہیں۔ مسز طلعت شبیر نے کہا کہ خواتین مفید علوم اور فنون سیکھنے کے لئے ادارہ صنعت زا ر سے رابطہ کریں اور معاشرے میں فعال کردار ادا کرکے اپنے اہل خانہ کا ہاتھ بٹائیں۔

شاز خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا امداد باہمی اور معاشی ترقی سے ہم عوامی اور قومی مسائل پر قابو پا سکتے ہیں ۔ انہو ں نے کہاکہ ہنر مند خواتین حکومت کی طرف سے قرضے اور کاروباری ترقی کے لئے فراہم کئے جانے والے قرضوں اور فنی رہنمائی کی پروگرامو سے فائدہ اٹھائیں۔ تقریب سے عامر شاہ نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :