نوازشریف قومی اسمبلی کا الیکشن کراکے صوبوں کا نہیں کرائیں گے ،شیخ رشید احمد

عمران خان پوری قوم کو کال دیگا کہ راشن پانی لیکر دارالحکومت پہنچو،نوازشریف کو نصیحت کرتا ہوں وہ بیوقوفوں کی ٹیم کے مشورے نہ سنیں،لال حویلی سے میرا جنازہ نکل سکتا ہے لیکن کسی کو چھپنے نہیں دیں گے،نجی ٹی وی سے گفتگو

اتوار 26 مارچ 2017 17:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2017ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ نوازشریف قومی اسمبلی کا الیکشن کراکے صوبوں کا نہیں کرائیں گے لیکن عمران خان پوری قوم کو کال دیگا کہ راشن پانی لیکر دارالحکومت پہنچو،نوازشریف کو نصیحت کرتا ہوں کہ وہ بیوقوفوں کی ٹیم کے مشورے نہ سنیں،لال حویلی سے میرا جنازہ نکل سکتا ہے لیکن کسی کو چھپنے نہیں دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) ملک کی چور ترین پارٹی ہے نوازشریف بھی آصف زرداری کی طرح قومی اسمبلی کا الیکشن کرائیں گے جہاں پر انکی اکثریت ہے اور صوبوں کا الیکشن نہیں کرائیں گے لیکن عمران خان کے ساتھ پوری قوم کو کال دیں گے کہ ضمیر والے لوگ فوراً راشن اور پانی لیکر دارالحکومت پہنچیں ہم عمران خان کی 10ڈیمانڈ پر انکے ساتھ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

شیخ رشید نے کہا کہ شریف خاندان میں سرد جنگ اقتدار کیلئے لڑی جارہی ہے آج کے دور میں بیٹا بھی باپ کی آنکھیں نکال دیتا ہے حمزہ شہباز تو پھر بھی بھائی کا بیٹا ہے۔انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس میں 5ججز کا فیصلہ ہمارے خلاف بھی آیا تو افسوس نہیں ہوگا لیکن جسٹس آصف سعید کھوسہ کی آنکھوں میں خاص چمک دیکھی ہے چھٹی حس کبھی دھوکہ نہیں دیتی ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری کو منہ پر کہا ہے کہ جب تک آپ کا ٹوکرا بلاول کے سر پر ہے اس کی سیاست اور کیریئر کو خطرہ ہے ،ملک ریاض بلاول پر تنقید کرنے پر چھ مہینے مجھ سے میرے حلقے میں ناراض رہا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جہاں بھی ملک کے باہر دوروں پر جاتے ہیں تو وہاں پر ان سے سوال کیا جاتا ہے کہ فوج اور حکومت کے درمیان خلاء کیوں ہے لیکن آرمی چیف کے پاس جواب نہیں ہوتا ہے ۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میری التجاء ہے کہ کرکٹ ٹیم ختم ہی ہوجائے کیونکہ اس میں اتنا جوا آگیا ہے کہ بہت کم لوگ اس لعنت سے پاک ہیں اور جو پاک ہیں وہ وقت کے ولی ہیں انکو سلیوٹ پیش کرتا ہوں۔(ولی)