پانامہ کیس میں نواز شریف کے خلاف کچھ نہیں، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی ، مولانا عطاء الرحمن

کسی متوقع فیصلے کے پیش نظر وزیراعظم بیرون ملک نہیں جارہے ، فوجی عدالتوں کا قیام سول عدالتوں کی توہین ہے،جے یو آئی کی صد سالہ تقریبات آئندہ ملکی سیاست کا تعین کرینگی، خصوصی گفتگو

اتوار 26 مارچ 2017 17:40

اٹک چھچھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2017ء) جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنما سینیٹر مولانا عطاء الرحمن نے کہا ہے کہ پانامہ کیس میں نواز شریف کے خلاف کچھ نہیں نہ ہی کسی متوقع فیصلے کے پیش نظر وزیراعظم بیرون ملک جا رہے ہیں ، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، فوجی عدالتوں کا قیام سول عدالتوں کی توہین ہے ، فوجی عدالتوں کے ذریعے عدالتوں پر عدم اعتماد کرکے انصاف فراہم نہیں کیا جا سکتا جبکہ فوجی عدالتیں یکساں انصاف کیلئے قائم نہیں کی جا رہیں،جے یو آئی نے پہلے بھی فوجی عدالتوں کی مخالفت کی آئندہ بھی کرے گی، اجالا ویلفیئر سوسائٹی غورغشتی جیسی فلاحی تنظیمیں معاشرے میں رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں ، دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے عظیم لوگ ہیں ، وہ حبیب فارم ہاؤس لارنسپور میں سابق چیئرمین غورغشتی سیف الرحمن خان ، چیئرمین ضلعی زکوٰة کمیٹی عطاء الرحمن خان ، سابق ناظم جمیل خان ، ڈاکٹر سخاوت حسین اور حافظ محمد بشیر کی جانب سے دئیے گئے ظہرانے کے موقع پر آن لائن سے خصوصی گفتگو کررہے تھے، اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر راولپنڈی عقیل خان، ڈی ایچ او اٹک ڈاکٹر ملک عبادت ، ڈاکٹر ہاشم خان، ڈاکٹر طفیل مغل ،سینئر صحافی نثار علی خان، ڈاکٹر وجاہت حسین، نثار شاہ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری جے یو آئی پنجاب قاری ابراہیم، مولانا محمد نعیم، صدر اجالا واثق خان، جائنٹ سیکرٹری حافظ فیض الرحمن اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں، مولانا عطاء الرحمن نے مزید کہا کہ جے یو آئی پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اس کی صد سالہ تقریبات آئندہ ملکی سیاست کا تعین کرینگی، انہوں نے کہا کہ صد سالہ تقریبات میں امام کعبہ سمیت دنیا بھر سے اسلامی مبلغ اور مذہبی رہنما و سکالرز شرکت کرینگے، قبل ازیں ڈاکٹر سخاوت حسین اور بانی صدر جمیل خان نے سینیٹر مولانا عطاء الرحمن کو اجالا ویلفیئر سوسائٹی کی خدمات سے آگاہ کیا اور آئندہ کے لائحہ عمل، شعبہ طب کی نئی خدمات کو اجاگر کرنے اور توسیعی فلاحی منصوبوںپر بریفنگ دی جس پر انہوں نے منتظمین کو اجالا ویلفیئر سوسائٹی کی فلاحی ، تعلیمی، صحت و صفائی اور دیگر شاندار فلاح و بہبود کے منصوبوں اور خدمات و کردار کو سراہتے ہوئے اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی