Live Updates

ْ90 دن میں تبدیلی لانے والی تحریک انصاف ساڑھے تین سالوں میں کچھ نہیں کرسکی، ایم ساجد عباسی

تبدیلی کے نام پر سیاسی دکان چمکانے والوں کی سازشیں دم توڑ چکی ہیں،لیگی رہنماء

اتوار 26 مارچ 2017 17:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)اسلام آبادسٹی کے جنرل سیکرٹری و نومنتخب چیئرمین ایم ساجد عباسی نے کہاہے کہ 90 دن میں تبدیلی لانے والی تحریک انصاف ساڑھے تین سالوں میں کچھ نہیں کرسکی،مسلم لیگ(ن) کی مرکزی حکومت کے انقلابی اقدامات اور بیرون ملک سرمایہ کاروں کی آمد سے تحریک انصاف کی حکومت مخالف تحریک مکمل طورپر ناکام ہوچکی ہے اور گذشتہ ساڑھے تین سالوں میں کی غیر سنجیدہ اور دھرناسیاست میں اپنی کارکردگی قوم کو دکھا دی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے وزیراعظم میاں نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کودہشتگردی جیسے سنگین مسئلے سے نجات دلائی ،ملک سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے اربوں روپے خرچ کئے جبکہ سی پیک منصوبہ دنیا کا گیم چیلنجر منصوبہ ثابت ہوگا جس سے ملک کی معیشت اور پاکستان کی اہمیت میں اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں ایم ساجد عباسی نے کہاکہ تبدیلی کے نام پر سیاسی دکان چمکانے والوں کی سازشیں دم توڑ چکی ہیں،وزیراعظم میاں نوازشریف نے حقیقی معنوں میں ملک کو ترقی کے راستے پر گامزن کردیا ہے،عوام نے بے جا احتجاج کی سیاست کو مسترد کردیا ہے،قومی سیاسی افق پر منفی سوچ رکھنے والے عناصر کاکوئی مستقبل نہیں ہے،وزیراعظم میاں نوازشریف کے زیر قیادت مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے صوبائی تعصب کے بجائے قومی یکجہتی کو پروان چڑھایا ہے جس سے ملک میں منفی سیاست کرنیوالوں کو شدیدمایوسی ہوئی ہے۔

مسلم لیگی رہنما ایم ساجد عباسی نے کہاکہ موجودہ حکومت تمام تر سازشوں کے باوجود عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور آئندہ 2018ء کے انتخابات میں بھی واضح اکثریت کے ساتھ دوبارہ اقتدار میں آئے گی۔(توصیف)
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :