وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف اور صوبائی وزیر منشاء اللہ بٹ کی کھلی کچہری‘لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے احکامات جاری

اتوار 26 مارچ 2017 16:30

سیالکوٹ۔26 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2017ء)وفاقی وزیر دفاع ، پانی و بجلی خواجہ محمد آصف اور صوبائی وزیر بلدیات اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ محمد منشاء اللہ بٹ نے اتوار کو مسلم لیگ ن کے مرکزی رابطہ آفس پیرس روڈ سیالکوٹ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ شہریوں کی بڑی تعدادنے وزرا کو در پیش مسائل کے بارے میں آگاہ کیا جس پر انہوں نے موقع پر موجود متعلقہ محکموں کو شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے احکامات جاری کئے ۔

رکن صوبائی اسمبلی چودھری محمد اکرام، میئر سیالکوٹ توحید اختر، چیئرمین ضلعی بیت المال سیالکوٹ نبیل خالد لون ، ایس ڈی پی او طارق سیکھرا، یوسی چیئرمین میاں اشفاق، خواجہ ٹیپواور مرزا محمد اکرام کے علاوہ لیگی عہدیداران اور کثیر تعداد میں پارٹی کارکن بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں معیار کو یقینی بنانے کیلئے بلدیاتی نمائندوں کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ ترقیاتی کاموں کی سختی سے نگرانی کریں اور اس سلسلہ میں گڑ بڑ کرنے والے کنٹریکٹر اور اہلکاروں کے خلاف تحریری درخواست دیں تاکہ ان کا محاسبہ کیا جاسکے ۔

انہو ں نے کہاکہ ترقیاتی کاموں میں بدعنوانی اور خرابی ناقابل برداشت ہے ۔ انہوں نے پبلک ہیلتھ انجینئر نگ ڈیپارٹمنٹ کے مقامی حکام کو متنبہٰ کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ عوامی شکایات کا ازالہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر ہر گز سمجھوتہ نہیںکیا جائے گا اورفنڈز کی ایک ایک پائی پوری دیانتداری سے خرچ کی جائے گی ۔