خصوصی افراد کو یکساں مراعات کی فراہمی یقینی بنائی جائے،پروفیسر طاہر

عمومی تعلیمی اداروں میں تعینات خصوصی افراد سپیشل ایجوکیشن الائونس سے محروم ہیں

اتوار 26 مارچ 2017 15:30

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2017ء)پنجاب بلائنڈ پروفیسرز ایند لیکچررز ایسوسی ایشن نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام تعلیمی اداروں کے خصوصی افراد کو سپیشل ایجوکیشن الائونس سمیت تمام مراعات کی بلاامتیاز فراہمی یقینی بنائی جائے ۔پنجاب بلائنڈ پروفیسرز ایند لیکچررز ایسوسی ایشن کے صدر وگورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج اصغر مال راولپنڈی کے پروفیسر محمد طاہر نے کہاہے کہ تمام خصوصی اساتذہ سپیشل ایجوکیشن الائونس کے حصول کے اہل ہیں اور خصوصی تعلیمی اداروں میں یہ الائونس تمام خصوصی افراد کو فراہم کیاجا رہاہے تاھم عمومی تعلیمی اداروں میں تعینات خصوصی افراد سپیشل ایجوکیشن الائونس سے محروم ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ اس بارے میں پنجاب حکومت سے متعدد اپیلیں کی گئیں تاھم اس کے باوجود عمومی تعلیمی اداروں کے خصوصی اساتذہ سپیشل ایجوکیشن الائونس سے تاحال محروم ہیں ۔

(جاری ہے)

پروفیسر طاہر نے بتایاکہ اس ضمن میں پنجاب بلائنڈ پروفیسرز ایند لیکچررز ایسوسی ایشن کی جانب سے وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کو تحریری درخواست بھی دی گئی ہے تاکہ عمومی تعلیمی اداروں میں خدمات سرانجام دینے والے خصوصی اساتذہ کے ساتھ ہونے والے امتیازی سلوک کا خاتمہ ہو سکے ۔

پروفیسر طاہر نے کہاکہ پنجاب حکومت نے خصوصی افراد کو سپیشل ایجوکیشن الائونس سمیت متعدد مراعات کا اہل قرار دے رکھا ہے جو کہ حکومت کا انتہائی قابل ستائش قدم ہے تاھم پنجاب بلائنڈ پروفیسرز ایند لیکچررز ایسوسی ایشن کا مطالبہ ہے کہ خصوصی افراد کے لیے اعلان کردہ تمام مراعات کا اطلاق عمومی تعلیم کے اداروں میں کام کرنے والے خصوصی افراد پر بھی کیا جائے تاکہ ان خصوصی افراد کی حوصلہ افزائی ہو اور وہ مزید تندہی سے اپنے فرائض سر انجام دے سکیں ۔پنجاب بلائنڈ پروفیسرز ایند لیکچررز ایسوسی ایشن کے صدر اور گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج اصغر مال راولپنڈی کے پروفیسر محمد طاہر نے کہاکہ نابینا پروفیسرز مشکلات کے باوجود مختلف اداروں میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں ۔