چکلالہ کینٹ کی بیشتر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئیں

اتوار 26 مارچ 2017 15:30

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2017ء)چکلالہ کنٹونمنٹ کے علاقوں کی بیشتر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئیں، شہریوں نے چکلالہ کنٹونمنٹ کے علاقوں کی ٹوٹ پھوٹ کی شکار سڑکوں کی ازسر نو تعمیر کے لیے فنڈز کے اجراء کا مطالبہ کیا ہے ۔چکلالہ کینٹ کے مختلف علاقوں ہارلے سٹریٹ ،ٹاہلی موہری ،نورس کالونی ،ڈھیری حسن آباد کے مکینوں نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ چکلالہ کینٹ کی بیشتر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات لاحق ہیں ۔

شہریوں نے بتایاکہ چکلالہ کینٹ کے علاقے ہارلے سٹریٹ کی سڑکیں کم و بیش ایک دھائی قبل بنائی گئی تھیں جو کہ اب مکمل ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں تاھم کینٹ حکام اس جانب توجہ نہیں دے رہے ۔

(جاری ہے)

شہریوں نے مزید بتایاکہ ہارلے سٹریٹ میں نجی سکولوں کی بڑی تعداد موجود ہے جس کی وجہ سے چھٹی کے اوقات میں ٹوٹی سڑکوں کی بدولت یہاں پر اچھا خاصا رش لگ جاتا ہے ۔شہریوں نے وضاحت کی کہ ہارلے سٹریٹ کے دونوں مرکزی داخلی راستے مکمل طور پر ٹوٹ چکے ہیں اور بائیس نمبر چونگی کی جانب سے ہارلے سٹریٹ کے داخلی راستے اور دھمیال روڈ سے مرکزی داخلی راستے کی حالت ابتر ہے ۔

شہریوں نے بتایاکہ اس حوالے سے کینٹ بورڈ نے چند یوم قبل سڑک کے کچھ حصے کی معمولی مرمت کی ہے جو کہ ناکافی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہارلے سٹریٹ کی تمام سڑکوں کو ازسر نو تعمیر کیا جائے ۔