صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے شہر ی تعاون کریں،چیف آفیسر بلدیہ

اتوار 26 مارچ 2017 15:20

ْ چشتیاں۔26 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2017ء)چشتیاں شہر اور نواحی کالونیوں کے سیوریج سسٹم کو 15 سال بعد ھنگامی بنیادوں پر درست کرنے اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے شہر ی تعاون کریں تو چشتیاں کو بہت خوبصورت شہر بنایا جاسکتا ہے ۔ لوگوں کو چاہیے کہ وہ سڑکوں، گرین بیلٹ، تعلیمی اداروں اور فلٹریشن پلانٹس کے قریب کوڑا کرکٹ پھینکنے سے باز رہیں ۔

چیف آفیسر بلدیہ چشتیاں میاں اللہ نواز گشکوری نے چشتیاں کے مختلف علاقوں ، ایم پی اے چوک، محبوب کالونی، عید گاہ روڈ، ہائی وے روڈ، تحصیل ہسپتال روڈ ، کالج روڈ، گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول ، سرسید سکول روڈو دیگر علاقوں میں سیوریج اور صفائی کے کام کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ چشتیاں بلدیہ کا عملہ صفائی دو ماہ سے نظام کی درستگی کے لیے سخت کوششوں میں مصروف ہے جبکہ بلدیہ کی دیگر برانچز کے اہلکار بھی کرایہ پراپرٹی ، واٹر فیس، نقشہ جات عمارات کی فیس کے بقایا جات سخت محنت سے وصول کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

جبکہ مشینری کے تیل اور دیگر اخراجات میں بچت کر کے دس لاکھ روپے ماہانہ کی بچت کی جارہی ہے ۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ بلدیہ کو مارکیٹ کے مطابق پراپرٹی کے کرایہ جات ادا کر کے باقاعدہ رسید حاصل کریں ۔