محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور پاکستان کے پہلے خواتین داد رسی سنٹر سے بھر پور استفادہ کرے گا،خلیل طاہر سندھو

اتوار 26 مارچ 2017 15:20

لاہور۔26 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2017ء) صوبائی وزیر اقلیتی امور وانسانی حقوق خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور پنجاب گھریلو تشدد سمیت دیگر استحصال کا شکار خواتین کو انصاف کی فراہمی اور حقوق کے تحفظ کیلئے وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کے سٹریٹیجک ریفارم یونٹ کی طرف سے ملتان میں قائم کرد ہ پاکستان کے پہلے خواتین داد رسی سنٹر سے بھر پور استفادہ کرے گا، ملتان میں انسداد تشدد مرکزکا قیام حکومت پنجاب کی طرف سے انسانی حقوق کے بین الاقوامی چارٹر پر عملدرآمد اور جنوبی پنجاب کے عوام کو ترجیحی بنیادوں پر جدید سہولیات کی فراہمی کی ایک کڑی ہے جہاں متاثرہ خواتین کو پولیس،طبی امداد،سرکاری وکیل، فرانزک جائزہ،ثالثی،نفسیاتی امداد اورپناہ گاہ جیسی تمام سہولیات ایک چھت تلے میسر ہونگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے سول سوسائٹی اور وکلاء کے نمائندوں کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔رکن صوبائی اسمبلی شہزاد منشی،اقلیتی رہنما آصف بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ حکومت پنجاب نے خواتین کی فلاح و بہبود ، تعلیمی وظائف،روزگار ،قانونی تحفظ اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لئے شاندار اقدامات کئے ہیں جن کی تاریخ اوردیگر صوبوں میں مثال نہیں ملتی، پسماندہ اضلاع میںطالبات کی شرح خواندگی بڑھانے کے پیش نظر تعلیمی وظائف کی فراہمی کیلئے چھ ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں تعلیم ، صحت اور روزگار کی فراہمی کے لئے ہر سال خطیر رقم فراہم کی جارہی ہے ،اقلیتی طلبا و طالبات کے تعلیمی وظائف کی مد میں اس سال 3کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ کرسمس کے موقع غریب خاندانوں کو فی کس پانچ ہزار روپے مالی امداد فراہم کی جارہی ہی-خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صوبہ پنجاب کے تمام سرکاری اداروں اور محکموں میں اقلیتوں کے لئے پانچ فیصد کوٹے پرعملدرآمد کرتے ہوئے انہیں پولیس، انتظامیہ اور عدلیہ سمیت تمام محکموں میں اعلی ملازمتیں فراہم کی جارہی ہیں-

متعلقہ عنوان :