خانہ ومردم شماری مہم کو حکومت کے وضع کردہ منصوبہ کے مطابق مکمل کیا جائے

درست اعدادوشمار مرتب کئے جائیں تاکہ نتائج کی شفافیت کے ساتھ ساتھ آئندہ قومی ترقی کی پالیسیاں تشکیل دی جا سکیں، صوبائی وزیر بلدیات

اتوار 26 مارچ 2017 15:20

لاہور۔26 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2017ء)صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ محکمہ بلدیات نے عوام کی کسی بھی شکایت کے ازالہ کے لئے کنٹرول رومز قائم کیا ہے۔ محکمہ بلدیات کے قائم کردہ شکایت سیل042-99213380 اور03018543959 کے نمبرز پر اب تک 20 سے زائد شکایات موصول ہوئیں کہ مردم شماری ٹیم ابھی تک ان کے علاقہ میں نہیں پہنچی جس پر فوری طور پر عمل کرتے ہوئے ٹیموں کو ان علاقوں میں روانہ کیا گیا۔

نہوں نے مردم شماری ٹیموں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خانہ ومردم شماری مہم کو حکومت کے وضع کردہ منصوبہ کے مطابق مکمل کیا جائے اور درست اعدادوشمار مرتب کئے جائیں تاکہ نتائج کی شفافیت کے ساتھ ساتھ آئندہ قومی ترقی کی پالیسیاں تشکیل دی جا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مردم شماری فیلڈ سٹاف اپنے شناختی کارڈ اور علامتی جیکٹس ضرور پہنیں تاکہ ان کی شناخت سے عوام کوبھرپور تعاون میسر ہواور ان کو درپیش مسائل انتظامی افسران فوری حل کریں۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں مردم وخانہ شماری خوش اسلوبی اور عوام کے بھرپور تعاون سے جاری ہے۔اس سلسلہ میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہخانہ شماری ومردم شماری کے سلسلے میں لوگوں کا جذبہ قابل دید ہے ۔عوام جس ذوق و شوق کے ساتھ خانہ شماری ومردم شماری کی ٹیموں کومطلوبہ معلومات فراہم کر رہے ہیں اس بات کی عکاسی ہے کہ عوام شعور یافتہ ہو کر اپنی تعمیر و ترقی کے عمل کو فوقیت اور اہمیت دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے خانہ شماری ومردم شماری کا انعقاد کروا کر ثابت کر دیا ہے کہ ہر قسم کے وسائل عوام کو براہ راست فراہم کر کے ہی فلاحی ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صحیح مردم شماری قومی یکجہتی، بہتر منصوبہ بندی ملکی ترقی و خوشحالی کی ضامن ہے۔مردم شماری کے اعداد و شمار کی بنیاد پر ہی ملک میں قومی، صوبائی اور بلدیاتی انتخابی حلقے قائم کئے جاتے ہیں۔

آبادی کے حجم کوٹائون کمیٹی، میونسپل کمیٹی،میونسپل کارپوریشن، میٹروپولیٹین کارپوریشن وغیرہ میں تبدیل کرنے کے لئے بھی مردم شماری بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھٹی مردم و خٰانہ شماری2017ء میں کرائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں خانہ شماری و مردم شماری کے لئے تمام حکومتی اداروں نے مر دم شماری ٹیموں کے ساتھ مل کرمعاونت کا کام سر انجام دینا شروع کر دیا ہے اب لوگوں کا فرض ہے کہ وہ ہر قسم کی مطلوبہ معلومات ان ٹیموں کو فراہم کریں۔