آزادی پسند رہنمائوں کو گرفتارکرکے قابض حکام نے اپنی شکست تسلیم کرلی ہے، نیشنل فرنٹ

حریت پسند رہنمائوںاور کارکنوں کی نظربندی کو جان بوجھ کر طول دیاجا رہاہے، : مسلم لیگ

اتوار 26 مارچ 2017 14:10

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2017ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیرنیشنل فرنٹ نے نام نہاد ضمنی انتخابات سے قبل گرفتاریوں کا نیا سلسلہ شروع کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی پسند رہنمائوں کو گرفتار کرکے قابض حکام نے اپنی شکست تسلیم کرلی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق نیشنل فرنٹ کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ متنازعہ علاقے میںکسی بھی طرح کے انتخابات کا انعقاددر اصل ایک فوجی آپریشن ہوتا ہے اور حریت پسند قیادت کو نظر بند کرنے سے ان کی رہی سہی ساکھ بھی ختم ہوجاتی ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی ایسے عمل کا حصہ نہ بنیں جس کا مقصد بھارتی قبضے کو مضبوط کرنا ہو۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ حریت پسند سیاسی رہنمائوں کے خلاف پولیس کو استعمال کرنے سے بھارت کی جمہوریت ایک مذاق بن کر رہ گئی ہے۔ ادھرمسلم لیگ نے پارٹی کے قائمقام چیئرمین محمدیوسف میر کو پولیس ریمانڈمیں دینے ،چیف آرگنائزر عبدالاحد پرہ اور منظوراحمد للہاری کو پبلک سیفٹی ایکٹ کالعدم ہوجانے کے باوجود حبس بے جا میں رکھنے کی شدید مذمت کی ہے۔

مسلم لیگ کے ترجمان نے ایک بیان میںکہا کہ کٹھ پتلی حکومت آزادی پسند رہنمائوںاور کارکنوں کی نظربندی کو جان بوجھ کر طول دے رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ گرفتاریوں اور پابندیوںکا یہ سلسلہ قابض انتظامیہ کی ضد ،ہٹ دھرمی اور سیاسی انتقام کا نتیجہ ہے۔