سرینگر‘ نام نہاد ضمنی انتخابات سے قبل 160سے زائد نوجوان گرفتار

کٹھ پتلی انتظامیہ نے حریت قیادت کو انتخابات کے بائیکات کی مہم چلانے سے روکنے کیلئے گھروں ، تھانوں اور جیلوں میں نظر بند کر رکھا ہے

اتوار 26 مارچ 2017 13:21

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2017ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے بھارتی پارلیمنٹ کے نام نہاد ضمی انتخابات سے قبل جنوبی اضلاع شوپیاں، پلوامہ، اسلام آباد غیرہ میں حالیہ دنوں کے دوران 160سے زائد نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارت وسطی اور جنوبی کشمیرکے اضلاع میں 9اور 12اپریل کو نام نہاد ضمنی انتخابات کا ڈرامہ رچانے جا رہا ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اور دیگر حریت رہنمائوں نے کشمیریوں سے ان انتخابات کے مکمل بائیکات کی اپیل کر رکھی ہے۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے حریت قیادت کو انتخابات کے بائیکات کی مہم چلانے سے روکنے کیلئے گھروں ، تھانوں اور جیلوں میں نظر بند کر رکھا ہے جگہ احتجاجی مظاہروں روکنے کیلئے بڑے پیمانے پر نوجوانوں کی گرفتاری کا سلسلہ شروع کیا گیاہے۔

(جاری ہے)

سب سے زیادہ گرفتاریاں پلوامہ ضلع میں عمل میں لائی گئی ہیںجہاں اعدادوشمار کے مطابق اب تک 70نوجوان حراست میں لئے جاچکے ہیں۔ ضلع پلوامہ کے گائوںمورن میں رات کے وقت چھاپوں کے دوران 23افراد گرفتار کیے گئے جن میں چندعمر رسیدہ افراد بھی شامل ہیں۔ اگر کوئی مطلوب نوجوان پولیس کے ہاتھ نہیں آتا ہے تو اسکے بدلنے میں اسکے والد یا بھائی کو اٹھا لیا جاتا ہے ۔

ہفتے کی شب پلوامہ کے زاکیگام اور متری گام دیہات میں گھروں پر چھاپوں کے دورا کم از کم 10 افراد گرفتار کیے گئے جن میں سے چند کے نام مدثر احمد شیر گجری، محمد مقبول وانی اور مشتاق احمد بٹ بتائے جاتے ہیں۔ شوپیاں کے دانگام اور امام صاحب علاقوں سے اب تک 26نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا جن میں کچھ کے نام محمد شفیع پال، ثاقب بشیر، بشیر احمد شیخ، فاضل بٹ معلوم ہوئے ہیں۔ گرفتار نوجوانوں کے والدین اور رشتہ داروں نے اپنے بیٹوں کی بلا جواز گرفتار ی پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیاہے۔