حلقہ کی تعمیروترقی اولین ترجیحات میں شامل ہے، محمد عمر جعفر

اتوار 26 مارچ 2017 13:20

رحیم یار خان۔26 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2017ء)مسلم لیگ(ن) کے رکن صوبائی اسمبلی پنجاب محمد عمر جعفر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) الیکشن2018ء میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر دوبار ہ عوام کے پاس جائے گی، حلقہ کی تعمیروترقی اور عوامی خوشحالی اولین ترجیحات میں شامل ہے، حلقہ پی پی293میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروا کر عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کیا جا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 82لاکھ کے خصوصی فنڈز سے اسلامیہ کالونی میں تعمیر ہونے والے فری ڈسپنسری کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ اس ڈسپنسری کے قیام سے ٹبی لاڑاں، نوریوالی، حسین آباد سمیت دیگر نواحی علاقوں کی آبادی کو مفت طبی سہولیات فراہم ہوں گی۔

(جاری ہے)

محمد عمر جعفرنے کہا کہ یہ ایک پسماندہ علاقہ ہے اور ڈسپنسری کا قیام اس علاقہ کے مکینوں کا مطالبہ اور ضرورت تھی۔

انہوں نے کہا کہ میری خاص توجہ پسماندہ اور ان علاقوں کی تعمیر و ترقی پر ہے جنہیں ماضی میں نظر انداز کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے والد چوہدری محمد جعفر اقبال کی رہنمائی اور کاوشوں سے حلقہ میں پختہ سڑکوں کا جال بچھانے کے لئے عملی اقدامات کر رہا ہوں۔اس موقع پر محکمہ بلڈنگ کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 82لاکھ سے تعمیر ہونے والے ڈسپنسری کو جون 2017ء میں مکمل کرلیا جائے گا۔اس موقع پرضلعی صدر مسلم لیگ(ن) میاں خالد شاہین، وائس چیئرمین تحصیل کونسل عبدالطیف بھٹی، کونسلرز ناصر راجپوت، رانا ضیاء الدین، ماجد شاہ کے علاوہ مقامی افراد کثیر تعدااد میں موجو دتھے۔