مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد انتخابات میںووٹ ڈالنا عوامی انتفاضہ پر مٹی ڈالنے کے مترادف ہے، گیلانی ، بھارت کشمیر میں جنگ ہار چکا ہے لیکن الیکشن اس کو آکسیجن فراہم کرتا رہتا ہے

اتوار 26 مارچ 2017 12:20

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کشمیری عوام پر زوردیا ہے کہ وہ نام نہاد ضمنی انتخابات میں ووٹنگ کے روز اٴْسی جذبے اور حوصلے کا مظاہرہ کریں جس طرح 2016ء میں عوامی انتفادہ کے دوران کیا تھا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ جن لوگوں نے اپنے سینوں پر گولیاں کھا کر اپنی زندگیاں نچھاور کردیں یا اپنی آنکھوں کی بینائی تحریکِ آزادی کے لیے قربان کردیں ہمیں ان کی لاج رکھنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ووٹ ڈالنا کٹی گردنوں، لٹی عصمتوں، اٴْجڑی بستیوں اور آنکھوں کی بصارت سے محروم ہونے والے افراد کی سودا بازی ہوگی اور اس سے آزادی کی منزل قریب آنے کے بجائے دور ہوتی چلی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم نے اپنی جدوجہدِ آزادی میں قربانیوں کی ایک ایسی عظیم تاریخ رقم کی ہے کہ دنیا میں اس کی مثال بہت کم ملتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اگرچہ کشمیر میں اخلاقی طور پر شکست کھا چٴْکا ہے اور وہ یہاں ایک ہاری ہوئی جنگ لڑرہا ہے لیکن الیکشن اس کو وقت وقت پر آکسیجن فراہم کرتے ہیں۔

آزادی پسند رہنما نے کہا جو لوگ الیکشن میں حصہ لیتے ہیں وہ غبن، رشوت اور سیکس اسکینڈل جیسے جرائم میں ملوث ہیں اور اقتدار میں آ نے کے بعد شراب، منشیات اور بے حیائی کو فروغ دیتے ہیں۔حریت چیئرمین نے کہا کہ حق پرست علمائے کرام، ائمہ مساجد اور سماج کے ذہین وفطین طبقے کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ لوگوں کو ووٹ ڈالنے کے منفی نتائج سے واقف کرائیں اور انہیں بتائیں کہ ووٹ ڈالنا 2016 ء کے عوامی انتفادہ پر مٹی ڈالنے کے مترادف ہوگا اور یہ ان معصوم بچوں پر مزید ظلم ڈھانے کے برابر ہوگا جو اپنی آنکھوں کی بینائی سے محروم کئے گئے ہیں۔انہوں نے 9اور12اپریل کو بالترتیب وسطی کشمیر اور جنوبی کشمیر میں سول کرفیو نافذ کرنے اور پٴْرامن مظاہرے کرنے کی اپیل دہرائی۔