مسلم لیگ (ن) لاہوری پارٹی بن کر رہ چکی ہے ،وزیراعظم کو 4سال تک سندھ کی یاد نہیں آئی موسم کی تبدیلی نے سندھ یاد کرا دیا ہے، عبدالستاربچانی

ہفتہ 25 مارچ 2017 23:01

ٹنڈوالہ یار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہوری پارٹی بن کر رہ چکی ہے وزیر اعظم نواز شریف کو 4سال تک سندھ کی یاد نہیں آئی موسم کی تبدیلی نے سندھ یاد کرا دیا ہے ۔سیاسی تبدیلیاں وقت کی ضرورت ہیں میاں محمد نواز شریف پانامہ کیس سے پریشان ہوکر سندھ کا رخ کررہے ہیں ۔2018کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) ناکام ہوگی اور پاکستان پیپلز پارٹی سندھ سمیت پنجاب سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی ۔

پانامہ کیس فیصلے کی پوری قوم منتظر ہے پانامہ کیس میں وزیر اعظم نواز شریف صادق اور امین نہیں رہے۔ پانامہ کیس کا فیصلہ پاکستان کے حق میں ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار ایم این اے حاجی عبدالستار بچانی نے اپنی رہائشگاہ پر صرافہ اینڈ زرگران ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس وفد کی قیادت صرافہ اینڈ زرگران ایسوسی ایشن کے صدر بشیر احمد سموں سونارو ،شاہ محمد سموں سونارو، محمد اسلم بھاٹی،محمد رمضان سموں ،تمثیل سموں ،گلزار سموںکررہے تھے ۔

(جاری ہے)

رکن قومی اسمبلی حاجی عبد الستار بچانی نے مزید کہا کہ سندھ وفاق کو کل آمدنی کا72فیصد حصہ دیتا ہے جبکہ وفاقی حکومت کے صوبہ میں جاری ترقیاتی منصوبے نامکمل ہیں ۔ نواز شریف کو چاہیے کہ وہ سندھ کی ترقی وخوشحالی کیلئے کاموں میں تیزی دکھائیں ۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنی پارٹی کو پنجاب پارٹی بنانے کے بجائے تمام صوبوں کو مساوی حقوق دیں تاکہ ملک کے دیگر صوبے بھی ترقی وخوشحالی حاصل کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ہونیوالی مردم شماری میں عوام بھر پور حصہ لے اور حکومت کی جانب سے مردم شماری میں سندھ کو پسماندہ علاقہ بنانے کے منصوبے کو ناکام بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں قائم ایگریکلچر اسٹرننگ کمیٹی کے اجلاس کے دوران انکشاف ہوا کہ ملک میں جن علاقوں میں پانی کی قلت ہے وہاں آبادگاروں کو حکومت کی طرف سے آسان قسطوں پر سولر ٹیوب ویل لگاکر دیئے جائیں گے تاکہ آبادگاروں کو پانی فراہمی یقینی ہوسکے۔

لیکن مذکورہ منصوبے میں83فیصد کوٹہ پنجاب کو دیا گیااور17فیصد میں سندھ ،بلوچستا ن اور کے پی کے کو دیا گیا جوکہ حکومت کی بدنیتی کو ظاہر کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیاں کوشش کررہی ہیں کہ وہ عوام میں زندہ رہ سکیں اور اس لئے تمام پارٹیاں عوام میں رہنے کیلئے جلسے وجلوس کررہی ہیں ۔پاکستان پیپلز پارٹی نے پنجاب میں ڈیرے ڈالے تو میاں محمد نواز شریف کو سندھ کی یاد آگئی۔

جبکہ تحریک انصاف بھی وکٹیں گرانے کی کوشش کررہی ہے جبکہ 2018کے عام انتخابات میں ٹانگا پارٹیوں کا وجود ختم ہوجائیگا۔اور پاکستان پیپلز پارٹی سندھ اور پنجاب سے بھاری اکثریت میں کامیابی حاصل کریگی ۔انہوں نے ورکروں کو ہدایت کی کہ وہ4اپریل کو ذوالفقار علی بھٹو کی برسی میں زیادہ سے زیادہ شرکت کرکے شہیدوں کو گڑھی خدا بخش پہنچ کر خراج تحسین پیش کریں ۔