پرویز خٹک کا چائنہ انجینئر نگ کمپنی کی خیبر پختونخوا کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا خیر مقدم

صوبے میں بیرونی سرمایہ کاری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، صوبے میں سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں، حکومت نے سرمایہ کاروں کو پر کشش مراعات کی پیشکش کی ہے اور سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول بنا دیا ہے وزیر اعلی خیبر پختونخواکی چینی سرمایہ کار کمپنی کے وفد سے گفتگو

ہفتہ 25 مارچ 2017 22:45

پرویز خٹک کا چائنہ انجینئر نگ کمپنی کی خیبر پختونخوا کے مختلف شعبوں ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 مارچ2017ء) وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے چائنہ انجینئر نگ کمپنی کی خیبر پختونخوا کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے دلچسپی کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ صوبے میں بیرونی سرمایہ کاری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ صوبے میں سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں۔انکی حکومت نے سرمایہ کاروں کو پر کشش مراعات کی پیشکش کی ہے اور سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول بنا دیا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ چین سمیت دیگر بیرونی سرمایہ کار خیبر پختونخوا کا رخ کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں چینی سرمایہ کار کمپنی (چائنہ انجینئر نگ کمپنی) کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سیکرٹری محکمہ بلدیات سید جمال الدین شاہ، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات آصف خان، ایم ڈی پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی عزیر خان، خیبر پختونخوا اکنامک زون ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کے چیف ایگزیکٹیو غلام دستگیر، محسن سید اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں چینی وفد نے پشاور میں 40کلومیٹر طویل رنگ روڈاور پشاور بس ٹرمینل میں ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر میں سرمایہ کاری کے لئے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔وزیر اعلیٰ نے چینی سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ انہوں نے خیبر پختونخوا کو سرمایہ کاری کے لئے اوپن کر دیا ہے۔ آئندہ ماہ چین میں روڈ شو کر رہے ہیں جس میں سرمایہ کاری کے منصوبوں کو شو کیس کریں گے۔

ہم نے صوبے کے مختلف شعبوں میں تقریباً 100منصوبوں کو روڈ شو کے لئے لے کر جانا ہے۔ ہمارے اکثر منصوبے سی پیک کے تناظر میں ہیں۔ہمارے دروازے ہر کسی کے لئے کھلے ہیں اور ہم صوبے میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موجودہ پشاور بس ٹرمینل کو شہر سے باہر چمکنی کے مقام پر منتقل کر رہے ہیں جہاں 100ایکڑ اراضی پر مشتمل بین الاقوامی معیار کا اڈہ تعمیر کر رہے ہیں جس میں مسافروں کو معیاری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

موجودہ بس ٹرمینل کی جگہ پر سی پیک ٹاور اور کمرشل کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا۔۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ چینی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کو مد نظر رکھتے ہوئے ان سے روابط میں رہیں۔وزیر اعلیٰ نے وفد سے کہا کہ وہ بھی اپنی پروپوزل متعلقہ حکام کو بھیج دیں۔دریں اثناء بیسٹ وے سیمنٹ کمپنی کے مینجمنٹ کے وفد نے سید آصف شاہ کی سربراہی میں وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وفد نے خیبر پختونخوا میں ایک بڑا سیمنٹ پلانٹ لگانے کے لئے اپنی دلچسپی سے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا۔اس موقع پر سیکرٹری معدنیات اور ڈی جی معدنیات بھی موجود تھے۔ پرویز خٹک نے وفد کو یقین دلایا کہ کمپنی کی تجویز کے سلسلے میں کسی بھی ممکنہ حل پر غور کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :