ترشاوہ پھلوں کے باغبانوں کو پھل کی برداشت کے بعد پودوں کے درمیان ہل چلانے کی ہدایت

ہفتہ 25 مارچ 2017 22:45

فیصل آباد۔25 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2017ء)ترشاوہ پھلوں کے باغبانوں کو پھل کی برداشت کے بعد پودوں کے درمیان ہل چلانے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیا ہے کہ باغبان اس طرح ہل چلائیں جس سے ترشاوہ پھلوں کے پودے زخمی نہ ہوں ۔جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کہاکہ موجودہ حالات میں مختلف اقسام کے ترشاوہ پھلوں کی پیوند کاری بھی آسانی سے کی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ باغبان گرے ہوئے اور خراب پھل زمین میں دبا دیں اور پھل آنے پر آخری ہفتہ میں ایک آبپاشی ضرور کریں ۔انہوںنے کہاکہ باغات اور نرسری کو رس چوسنے والے کیڑوں سٹرس سلا ، سفید مکھی ،پھل کی مکھی ،لیف مائنر سے بچانا بھی اشد ضروری ہے۔ انہوںنے کہاکہ باغبان ان کیڑوں کے خلاف ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے مناسب زہروں کا سپرے کریں اور پھل کی مکھی کے انسداد کیلئے جنسی پھندے بھی لگائے جائیں ۔ انہوںنے کہاکہ باغبان مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔