بہاریہ سورج مکھی کی فصل کو فوری طور پر گوڈی کرنے اور مناسب آبپاشی کی ہدایت

ہفتہ 25 مارچ 2017 22:45

فیصل آباد۔25 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2017ء)محکمہ زراعت نے بہاریہ سورج مکھی کی فصل کو فوری طور پر گوڈی کرنے اور مناسب آبپاشی کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ اگائو کے بعد جب فصل 4پتے نکال لے تو کمزور اور فالتو پودے اس طرح نکال دیئے جائیں کہ پودوں کا باہمی فاصلہ آبپاش علاقوں میں تقریباً 9انچ اور بارانی علاقوں میں 12انچ ہو جائے۔

(جاری ہے)

ایک ملاقات کے دوران انہوںنے کہاکہ مذکورہ فاصلے کی بنا ء پر فصل کو اپنے غذائی اجزاء حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے اور فصل بھی خوب پھلتی پھولتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ڈرل سے کاشتہ فصل کو پہلا پانی لگانے سے قبل کم از کم ایک مرتبہ گوڈی ضرور کی جائے تاکہ کھیت میں موجود جڑی بوٹیاں تلف ہو جائیں اور زمین میں ہوا کی آمد و رفت بھی بہتر ہو جائے ۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکار فصل کو روئیدگی کے 20دن بعد پانی ضرور لگائیں تاکہ فصل کو متاثر ہونے سے بچایاجاسکے۔