ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی سیالکوٹ کا اجلاس

ہفتہ 25 مارچ 2017 22:20

سیالکوٹ۔25 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2017ء)ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی سیالکوٹ کا اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی چودھری ارمغان سبحانی، سید افتخار الحسن ظاہرے شاہ، شکیلہ لقمان، چودھری محمد اکرام، چودھری طارق سبحانی، رانا عبدالستار خاں، رانا لیاقت علی ، رانا محمد افضل، آصف باجوہ اورذوالفقار غوری،ڈی پی او سیالکوٹ ڈاکٹر محمد عابد خاں،اے سی سیالکوٹ شاہد عباس،چودھری جمیل اشرف، رانا عارف ہرناہ، محمو دالحسن بابر خاں، سی ای او ایجوکیشن محمد فاروق ، ایکسئین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ خالد نسیم چانڈیو، ڈی او پلاننگ عبدالرؤف، ایکسئین ہائی وے اور لوکل گورنمنٹ کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے مقامی حکام نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

مقامی حکام نے ضلع سیالکوٹ میں شاہرات،بلڈنگ ، سیوریج ، ایجوکیشن اور ہیلتھ سیکٹر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ تعمیر ات کے محکموں کے حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کو مفاد عامہ میں جلد از جلد مکمل کیا جائے اور اس سلسلہ میں ہر گز تاخیرنہ کی جائے ۔

انہوں نے کہاکہ منصوبوں کی تکمیل میں یہ بھی ہدایت کی ہے کہ ان منصوبوں کے معیار کو یقینی بنایا جائے تاکہ یہ منصوبے دیر پا اور مضبوط ثابت ہوں اور عوام الناس ان سے عرصہ دراز تک استفادہ حاصل کرسکیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع سیالکوٹ میں خادم پنجاب رورل روڈ پروگرام کے تحت چوتھے مرحلے میں 55کروڑ50لاکھ روپے کی لاگت سے ضلع سیالکوٹ کے مختلف حلقوں میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی جانب تجویر کی گئیں سڑکیں تعمیر کی جائیں گے۔

اسی طرح شعبہ تعلیم کی ترقی کیلئے امسال50کروڑ روپے کی لاگت سے سکولوں میں اضافی کلاس رومز، واش رومز، خطرناک سکولوں کی عمارتوں کی تعمیر نو اور ٹائلٹس بلاکس کی تعمیرکے درجنوں منصوبوںپر کام جاری ہے ۔ ڈی پی او سیالکوٹ ڈاکٹر محمد عابد خاں نے ضلع سیالکوٹ میں امن و امان کے صورتحال کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ ضلعی پولیس جرائم پیشہ افراد کے بیخ کنی کیلئے دن رات کوشاں ہے اور خطرناک جرائم میں ملوث افراد کو قانون کی گرفت میں لانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو بھی استعمال کیا جارہا ہے ۔