پاکستان قائم رہے گا، نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں، لیاقت بلوچ

جے آئی یوتھ مثبت سرگرمی کے انعقاد پر مبارکباد کی مستحق ہے،سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے سے خطاب

ہفتہ 25 مارچ 2017 22:08

پاکستان قائم رہے گا، نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں، لیاقت بلوچ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2017ء) جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ انشاء اللہ پاکستان قیامت تک سلامت رہے گا پاکستان کے دشمن ناکام ہوں گے پاکستان کے نوجوان ملک کا سرمایہ اور مستقبل ہیں۔ ہمارے گرائونڈ آباد ہوں، کھلاڑی مقابلے کے لئے میدان میں موجود ہوں، اسی سے ہی نئی نسل کا مستقبل بھی محفوظ ہوتا ہے اور نوجوان خرابیوں سے بچ کر ایک صحت مند مقابلے کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں۔

سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد پر حافظ نعیم الرحمن، جماعت اسلامی ضلع وسطی کے قائدین اور جے آئی یوتھ سینٹرل کے آرگنائزر کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، جنہوںنے نوجوانوں کے لئے ایک بہت ہی صحت مند سرگرمی کا اہتمام کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید گاہ گرائونڈ ناظم آباد میں جے آئی یوتھ ڈسٹرکٹ سینٹرل کے تحت 18 تا 25 مارچ تک ہونے والے سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی کراچی عبدالوہاب، جنرل سیکریٹری ضلع وسطی محمد یوسف، نائب امیر ضلع خالد صدیقی و دیگر بھی موجود تھے۔ لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ آج بدقسمتی یہی ہے کہ حکمرانوں کی ریاست کے نظام میں عملاً کوئی ترجیحات نہیں ہے تعلیم کی نا صحت کی نا لوگوں کی جان و مال، عزت کو تحفظ دینے کی، سب سے بڑا ظلم اور المیہ یہ ہے کہ نوجوانوں کو یکسر نظر انداز کیا جا رہا ہے، نوجوانوں کی ضروریات کو پورا کرنے کا اہتمام نہیں کیا جا رہا، نوجوان عزت کی زندگی چاہتے ہیں، پاکستان سے والہانہ محبت رکھتے ہیں اور عزت کی روٹی اور روزی چاہتے ہیں۔

انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بہت اچھا اور بہت ہی خوبصورت ملک ہے، پاکستان کو اللہ نے ہر طرح کے وسائل دیئے ہیں، نوجوان بے پناہ صلاحیتیں رکھتے ہیں ، پوری قوم اور نوجوان پاکستان کی ہر دشمن قوت کا مقابلہ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں لیکن بدقسمتی یہ ہے کہ اقتدار اوراختیار جن کے پاس ہوتا ہے قومی وسائل پر جنہوں نے عوام کو سہولت دینی ہوتی ہے وہ ان تمام چیزوں سے عاری ہیںاور مجرمانہ غفلت کا شکار ہیں، میں نوجوانوں سے یہی کہوں گا اپنی جوانیوں کو بیدار رکھیں، اللہ کے دین کے ساتھ وابستہ رہیں، ہر میدان میں امانت و دیانت کے ساتھ اللہ کی دی ہوئی صلاحیتوں کی بنیاد پر مقابلے کی جستجو پیدا کریں اور امانت و دیانت سے آگے بڑھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ نے دیکھا کہ پی ایس ایل کے مقابلے ہوئے، جس میں چاروں صوبوں اور اسلام آباد کی ٹیم نے حصہ لیا اس کرکٹ کے میدان میں پی ایس ایل اور کھلاڑیوں کے والہانہ جذبے نے پوری قوم کو ایک نیا جوش و جذبہ دیا، میں اس دن گوادر، تربت اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں تھا اور حقیقت یہ ہے ان علاقوں میں بھی لوگوں کے اندر ایک والہانہ جذبہ تھا، اس لئے آج کھیل کے میدان آباد رہنے چاہئے، جماعت اسلامی کی یوتھ نے ایک صحت مند سرگرمی کا اہتمام کیا ہے جو ٹیمیں سپر لیگ میں حصہ لے رہی ہیں میں ان کا بھی خیر مقدم کرتا ہوں اور جو کھلاڑی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں میں ان کے لئے دعاگو ہوں کہ وہ اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر آگے بڑھیں اور قومی سطح پر کرکٹ کھیل کر اس قوم کی نمائندگی کریں۔

اللہ تعالیٰ آپ کو اسی طریقے سے خرش و خرم رکھے اور آپ اسی طرح زندگی کے دیگر میدانوں میں آگے بڑھیں اور اس ملک کی قیادت کریں۔ حافظ نعیم الرحمن نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں جے آئی یوتھ کو سپر لیگ کے شاندار انعقاد پر پر مبارک باد دیتا ہوں، کراچی میں کھیلوں کی روشنیاں لوٹ رہی ہیں اور آپ لوگوں کو مزید بہت کام کرنا ہے، انشاء اللہ جماعت اسلامی کا یہ ونگ آگے بڑھے گا، نوجوانوں کو ساتھ لے کر تعلیم میں اسپورٹس میں اور دیگر اچھی سرگرمیوں میں اس شہر کو اٹھانا ہے آگے بڑھانا ہے۔