وزیر اعظم نواز شریف27مارچ کوحیدرآباد آئیں،جہاں وہ ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے،سنیٹرنہال ہاشمی

آصف زرداری اور پیپلز پارٹی دوسرے لوگ خوفزدہ ہیں جو کام انھوں نے کرنے تھے وہ وزیر اعظم نواز شریف اور مسلم لیگ ن کر رہی ہے، پریس کانفرنس

ہفتہ 25 مارچ 2017 22:08

وزیر اعظم نواز شریف27مارچ کوحیدرآباد آئیں،جہاں وہ ورکرز کنونشن سے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2017ء) مسلم لیگ(ن)سندھ کے جنرل سیکرٹری سنیٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف 27مارچ کوحیدرآباد کے دورے پر آرہے ہیں جہاں وہ ورکرز کنوینشن سے خطاب کریں گے، ان کے سندھ آنے جانے پر بعض لوگوں کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ وہ سندھ کیوں آرہے ہیں میں انھیں بتانا چاہتا ہوں کہ سندھ کرپشن اور کمیشن مافیا کی جاگیر نہیں ہے نواز شریف پورے پاکستان کے والی وارث ہیں، اور جو لاوارث ہیں وہ لندن میں بیٹھے ہیںان کو کوئی وارث نہیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتہ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ان کے ہمراہ سنیٹر سلیم ضیاء،سندھ کے نائب صدر شاہ محمد شاہ، کھیل داس عثمانی، اسد عثمانی، خالد شیخ،اسلم، اور دیگر رہنما شامل تھے۔

(جاری ہے)

سنیٹر نہال ہاشمی نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی دوسرے لوگ خوفزدہ ہیں جو کام انھوں نے کرنے تھے وہ وزیر اعظم نواز شریف اور مسلم لیگ ن کر رہی ہے ، کراچی سمیت پورے سندھ میںمسلم لیگ ن نے بڑے بڑے ترقیاتی پروجیکٹ دیئے ہیں، پچیس سالوں سے کراچی میں جاری امن و امان کی خراب صورتحال کو ہماری حکومت نے آکر بہتر بنایا، آج کراچی شہر میں مکمل طور پر امن ہے ،اب 19سال کے بعد ملک میں مردم شماری ہونے جارہی ہے اور مردم شماری کامیاب ہوگئی تو پیپلز پارٹی والوں کو نظر آرہا ہے کہ آئندہ کا سندھ کا وزیر اعلی مسلم لیگ ن کا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ کچھ لوگ آج بھی مودی سے اپیلیں کر رہے ہیں، جو لوگ ایسی باتیں کررہے ہیں وہ لندن میں لاوارث ہیں ان کا اب پاکستان میں کوئی وارث نہیں اس لئے انھیں چاہئے کہ وہ موودی کے پاس جائیں، الطاف حسین اردو بولنے والوں اور سندھی بولنے والوں کے دشمن ہیں ، انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ایک غیر سیاسی آدمی کو جس جگہ پر پہنچایا ہے وہ سب کے سامنے ہے، کرپشن اور کمیشن کی وجہ سے سندھ کا برا حال ہے ، کراچی شہر گندگی کا ڈھیر بن چکا ہے، سندھ کے عوام گندہ اور زہریلا پانی پی رہے ہیں، جبکہ آصف علی زرداری اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے سب اچھا ہے کا راگ الاپا جارہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کچھ کام کرکے دکھائیں انتخابات میں ایک سال باقی رہ گیا ہے، یہ لوگ ایمپائر کی انگلی کا انتظار نہ کریں۔مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سنیٹر سلیم ضیاء نے کہا کہ سندھ حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے،مسلم لیگ ن نے ہی ملک کو امن و استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔سندھ کے نائب صدر شاہ محمد شاہ نے کہا کہ نواز شریف جب بھی سندھ آتے ہیں تو پیپلزپارٹی والے سندھ کارڈ استعمال کرتے ہیں، مسلم لیگ ن نے ٹھٹہ کو تاریخی ترقیاتی پیکیج دیا ہے۔

مسلم لیگ ن کی قیادت شرافت کی امین ہے۔ایک سوال کے جواب میں شاہ محمد شاہ نے کہا کہ صرف حیدرآباد یا ٹھٹہ نہیں کراچی سے کشمور تک وزیر اعظم جلسے کریں گے۔ایک اور سوال پر انھوں نے کہا کہ جو لوگ مسلم لیگ ن سے چلے گئے ہیں ان کے لئے مسلم لیگ ن کے دروازے واپسی کے لئے کھلے ہوئے ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ جو دوست مسلم لیگ ن چھوڑ گئے ہیں وہ واپس آجائیں گے۔