ہنگو ، طالبات کے وظائف کا اجراء

ہفتہ 25 مارچ 2017 22:00

ہنگو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2017ء) ہنگو میں زنانہ تعلیمی اداروں کی طالبات کے لئے سکالر شپ کا اجراء کر دیا گیا ہے ۔ششماہی وظائف کے جاری شدہ دوسری قسط میں فی سٹوڈنٹ 1200روپے ادا کئے جائیں گے۔مڈل اور ہائی زنانہ تعلیمی اداروں کے ہیڈز اور طالبات کو متعلقہ تعلیمی ادارو ں میں موجودگی کی ہدایات جاری کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق ہنگو کے محکمہ تعلیم زنانہ نے فی میل مڈل اور ہائی سکولز کی طالبات کے لئے وظائف جاری کر دئیے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محکمہ تعلیم زنانہ ہنگو شبنم شریف نے صحافیوں کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جاری شدہ وظائف کی دوسری قسط کے تحت چھٹی تا دسویں جماعت کی طالبات کو فی سٹوڈنٹ 1200روپے کے وظائف ادا کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پوسٹ آفس منی آرڈر کی وساطت سے سال 2016-17کے وظائف کی بر وقت وصولی کے لئے متعلقہ تعلیمی اداروں کی ہیڈ ز اور طالبات 31مارچ تک اپنے اپنے سکولز میں حاضری اور موجودگی کو ہر صورت یقینی بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور محکمہ تعلیم کے حکام بالا تعلیم کے فروغ ،تعلیمی شرح بڑھانے اور طالبات کی بھر پور حوصلہ افزائی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔