کوہاٹ ، پولیس کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کروڑوںمالیت کی منشیات برآمد ،خاتون سمیت 2 سمگلرگرفتار

ہفتہ 25 مارچ 2017 21:52

کوہاٹ ، پولیس کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کروڑوںمالیت کی منشیات برآمد ..
کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 مارچ2017ء) کوہاٹ انڈس ہائی وے مسلم آباد چیک پوسٹ پر موٹر کار سے دومن چرس برآمد کرکے خاتون سمیت منشیات کے دو بین الاضلاعی سمگلروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔بھاری مقدار میں چرس پشاور سے بنوں جانے والی گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی۔پولیس نے دوران تلاشی منشیات سے بھری گاڑی سمیت گرفتار دونوں سمگلروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ڈی ایس پی سٹی سرکل رضا محمد خان نے ہفتہ کو کہا کہ کروڑوںمالیت کی منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنانے کی کاروائی سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ڈی پی او جاوید اقبال کو ملنے والی خفیہ اطلاع پر مئوثر کاروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ جرما انسپکٹر گل جنان خان نے ہیڈ کانسٹیبل مبارک حسین اور دیگر پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ انڈس ہائی وے پر مسلم آباد کے قریب واقع پولیس چیک پوسٹ میں ناکہ بندی کرتے ہوئے گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ شروع کررکھا تھا کہ اس اثناء میں پشاور سے بنوں جانے والی ایک مشکوک موٹر کار نمبر سندھ AYK-059کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا۔

(جاری ہے)

تلاشی کے دوران پولیس نے موٹر کار کے فرش میں بنے خفیہ خانے میں انتہائی مہارت سے چھپائے گئے چرس کے مجموعی طور پر 67پیکٹ برآمد کرلئے جسکی کل وزن دو من کے برابر ہے اور پکڑے گئے چرس کی عالمی مارکیٹ میںمالیت کروڑوں روپے بنتی ہے۔ڈی ایس پی نے بتایا کہ چرس سے بھری گاڑی سمیت گرفتار دونوں بین لاضلاعی سمگلروں خاتون مسماة یاسمین زوجہ سعید خان سکنہ محمد خواجہ ہنگو حال پشاور اور اسکے ساتھی طائوس خان ولد ظاہر خان ساکن تاج آباد کالونی پشاور کو فوری طور پر تھانہ جرما منتقل کردیا گیا جہاں انکے خلاف بھاری مقدار میں منشیات سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ خاتون سمگلر کو ضروری قانونی کاروائی مکمل کرنے کے بعد مقامی عدالت میں پیش کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے جبکہ اسکے ساتھی سمگلر کی جسمانی ریمانڈ حاصل کرلی گئی ہے۔ڈی ایس پی نے مزید بتایا کہ کروڑوں مالیت کی اعلیٰ کوالٹی چرس علاقہ غیر خیبر ایجنسی سے موٹر کار کے ذریعے کوہاٹ انڈس ہائی وے کے راستے بنوں اور بعد ازاں پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں کو سمگل کی جارہی تھی جسکا ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران زیر حراست ملزمان نے اعتراف بھی کرلیا ہے۔

ڈی ایس پی کا کہنا تھا کہ بھاری مقدار میں چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنانے کی کاروائی کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے ڈی پی او کوہاٹ جاوید اقبال نے عمدہ کارکردگی کے اعتراف میں پولیس پارٹی کیلئے نقد انعامات اور توصیفی اسناد دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :