مردان میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے ،عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے تمام وسائل کو استعمال کیاجائے

صوبائی وزیر تعلیم وتوانائی محمدعاطف خان کی واٹر سینی ٹیشن کمپنی مردان کو ہدایات

ہفتہ 25 مارچ 2017 21:50

مردان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 مارچ2017ء) صوبائی وزیر تعلیم وتوانائی محمدعاطف خان نے واٹر سینی ٹیشن کمپنی مردان کو ہدایت کی ہے کہ مردان میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے اور عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے تمام وسائل کو برائے کا رلائیں ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کومردان میں ڈبلیو ایس ایس سی مردان کے چیف ناصر غفور ،ضلعی ممبر شاہد باچہ اور نائب تحصیل ناظم مشتاق سیماب اور دیگرعوامی نمائندوں کے ہمراہ کمپنی کی جانب سے حاصل کی گئی نئی مشینری کے معائنے کے وقت کیا۔

انہوں نے کہاصوبائی حکومت صوبے کے تمام بڑے شہروں میں صفائی اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے فرسودہ نظام کو یکسر تبدیل کرکے اسے بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لیے کوشاں ہے اور ان شہروں میں خودمختار کمپنیاں قائم کرکے ان کو ضروری وسائل فراہم کررہی ہے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ ان کمپنیوں میں اپنے متعلقہ شعبوں میں مہارت رکھنے والوں کو تعینات کیاگیا ہے اور ان میں شہری نمائندوں کو بھر پور نمائندگی دی گئی ہے ۔

مردان میں صفائی کے نئے نظام کے بارے صوبائی وزیر کو آگاہ کر تے ہوئے ڈبلیو ایس ایس سی مردان کے سی ای او ناصر غفور نے بتایا کہ مردان کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے مختلف مقامات سے پانی کے جمع کیے گئے نمونوں کا تجزیہ کیا جارہا ہے اور کمپنی عوام پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لیے پائپ لائنز کو ٹھیک کرے گی ۔اُنہوں نے کہا کہ مردان میں سب سے بڑا مسئلہ ڈمپنگ گراؤنڈ کا تھا جو اب عوام کے تعاون سے حل ہوگیا ہے ،اُنہوں نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق مردان میں ڈھائی سو ٹن کوڑا جمع ہوتا ہے جس میں ہمارے آنے پہلے ٹی ایم اے کا عملی صرف چالیس ٹن اُٹھاتا تھا ہم گذشتہ چار مہینے کے دوران اُسی عملے کے ساتھ روزانہ 80 ٹن تک کوڑا اُٹھا رہے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ کو شش ہے کہ ہم سوفیصد کوڑا اُٹھاسکیں ۔

وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کمپنی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت وسائل کی فراہمی کو یقینی بنائے گی اور مردان کو ایک صاف ستھرا شہر بنایا جائے گا جہاں عوام کو تمام ضروری سہولیات میسر ہوں ۔اُنہوں نے کہا کہ مردان رنگ روڈ پر طورو کے قریب ساڑھے تین ایکڑ رقبے پر جدید ترین پارک کی تعمیر کا کام بھی جلد شروع ہوگا جس میں واٹر سپورٹس ، واکنگ ٹریک، جمنازیم اور کلچرل سینٹر بھی تعمیر ہوگا ۔

جبکہ مردان بورڈ کے زیر اہتمام انٹر نیشنل سطح کے میگا سپورٹس کمپلکس کا تعمیراتی کام بھی تیزی سے جاری ہے او ؂ر مردان کے دیہی علاقوں کے نوجوانوں کو انڈر گیمز کی سہولیات کی فراہمی کے لیے جمنازیم تعمیر کرنے کاکام بھی جلد شروع ہوجائے گا ۔عاطف خان نے کہا کہ ہم تبدیلی کے نام پراقتدار میں آئے تھے اور نظام کو عوامی مفادات کا تابع بنانے کے ساتھ تعمیراتی محاذ پر بھی سب سے آگے ہیں اور ہماری اسی کارکردگی ہی بدولت مستقبل بھی پی ٹی آئی کا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :