قومی وطن پارٹی ،پختون عوام کی ترقی کیلئے دن رات کوششیں کر رہی ہے ،مقصد کے حصول کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی

خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر آبپاشی وسوشل ویلفیئر سکندر حیات خان شیرپائو کا افتتاحی تقریب سے خطاب

ہفتہ 25 مارچ 2017 21:50

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 مارچ2017ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر آبپاشی وسوشل ویلفیئر سکندر حیات خان شیرپائونے کہا ہے کہ قومی وطن پارٹی مثبت سوچ اور پختون عوام کی ترقی کے لئے دن رات کوششیں کر رہی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی ۔ انہو ںنے کہا کہ عوامی سیاست اور قومی ترقی کے خاطر دہشت گردی کے نشانہ بننے والے حیات محمد خان شہید پہلے پختون سیاسی رہنما تھے جنہوں نے قومی خدمت اور پختون مفادات کی جدوجہد کے لئے دن رات محنت کی اور یہی وجہ ہے کہ اس پاداش میں مخالفین انہیں شہید کیا ۔

وہ ہفتہ کو ڈب غریب آباد ضلع چارسدہ میں ایک سڑک کی تعمیر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی ارشد خان عمرزئی ، سابق سینیٹر حاجی محمد ہاشم خان ، پیر ہدایت شاہ ، فقیر حسین ، حاجی طارق خان او رابن امین ایڈوکیٹ کے علاوہ قومی وطن پارٹی پی کے 17کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی جبکہ تقریب سے ارشد خان عمرزئی ، الحاجی ہاشم خان اور فقیر حسین لالا نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام ہمارا موزانہ دوسرے سیاسی پارٹیوں کے سا تھ ترقیاتی منصوبوں کے بنیاد پر کریں اور اس عمل میں ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت اور عوامی اہمیت کو بھی مد نظر رکھا جائے ۔ انہو ںنے کہا کہ ماضی میں ہمارے سیاستدانوں نے قومی مفادات کو نظر انداز کرکے عالمی طاقتوں کے لئے کام کرنے کو ترجیح دی تھی اور ان کی ذاتی مفادات کی وجہ سے پختون قوم کا خون گزشتہ چالیس سال سے جاری ہے جس کی وجہ سے ہمارا خطہ پسماندگی اور غربت کا شکار رہا اور سرحد پختونوں کے ساتھ سفاراتی تعلقات بھی متاثر رہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک افغان سرحد کھولنے کے ساتھ ساتھ دیرپا اور پائیدار پرامن تعلقات کے لئے دونوں حکومتوں کو عوام کی مفادات کے لئے مستقل کوششیں کرنی چاہئیں تاکہ پختونوں کی برادرانہ تعلقات اور مثبت تجارتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے مسئلے پر بھی قابو پایا جا سکے ۔ سینئر وزیر نے وفاقی کابینہ کی طرف سے فاٹا کو خیبر پختونخوا میں شمولیت کی طول دینے کے مسئلے پر شدید تنقید کی اور صوبے میں شامل کئے بغیر خیبر پختونخوا اسمبلی میں نمائندگی دینے کی اعلان کو مضحکہ خیز قرار دیا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے علاقائی سیاست اور ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالی ۔ قبل ازیں سینئر صوبائی وزیر نے مردان چارسدہ روڈ تا موٹر وے ایکسچینج براستہ ڈب غریب آباد ساڑھے پانچ کلومیٹر روڈ کی تعمیر کا افتتاح کیا ۔