Live Updates

عمران خان دھمکیاں دینے کی بجائے عدالتوں کا احترام ملحوظ خاطر رکھ کرپانامہ کیس کے فیصلے کا انتظار کریں، چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنی ناکام طرز سیاست سے سبق نہ حاصل کرنے کی قسم کھا رکھی ہے، عمران خان نیا دھرنا،نیا احتجاج تو ترتیب دے سکتے ہیں لیکن نیا ملک اور نیا خیبر پختونخوا بنانا اُن کے بس کی بات نہیں

وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان برجیس طاہرکا صفدر آبادمیں گیس فراہمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب

ہفتہ 25 مارچ 2017 21:47

اسلام آباد/ شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 مارچ2017ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ عمران خان کو دھمکیاں دینے کی بجائے عدالتوں کا احترام ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے پانامہ کیس کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے۔وہ ہفتہ کوضلع شیخوپورہ کی تحصیل صفدر آباد کے نواحی قصبے سالارسیداں میں گیس فراہمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے ،وفاقی وزیر نے عمران خان کے رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اپنی ناکام طرز سیاست سے سبق نہ حاصل کرنے کی قسم کھا رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی دبائو اور سٹریٹ پاور کے استعمال کا شوق پہلے ہی عمران خان پورا کرچکے ہیں جن میں انہیں بدترین شرمندگی اور ندامت کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مطالبات کی منظوری کیلئے انتخابات کا راستہ روکنے کی باتیں درحقیقت انتخابات میں بد ترین شکست کے پیش نظر راہ فرار حاصل کرنا ہے اور ایک مرتبہ پھر متوقع شکست کو دیکھتے ہوئے دھاندلی جیسے جھوٹے الزامات کا سہارا لینا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان تین دیہائیوں سے نیاپاکستان بنانے کا خواب دیکھ رہے ہیں اور جہاں خیبر پختونخوا جیسے صوبے میں اُنہیں عوام نے نیا صوبہ بنانے کا موقع فراہم کیا تو وہاںانہوں نے عوام کے درمیان مایوسی پھیلانے کے سوا کچھ نہیں پھیلایا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نیا دھرنا،نیا احتجاج تو ترتیب دے سکتے ہیں لیکن نیا ملک اور نیا خیبر پختونخوا بنانا اُن کے بس کی بات نہیں ہے،انہوں نے کہا کہ آج تقریباً چار سال کے اقتدار کے باوجود خیبر پختونخوا میں ایک بھی ترقیاتی منصوبہ پنجاب جیسا نظر نہیں آرہا جس کے باعث خیبر پختونخوا کی عوام عمران خان ،اُن کی پارٹی اور طرز سیاست سے بالکل نااُمید ہوچکے ہیں۔

چوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ آئندہ انتخابات کا فیصلہ صرف اور صرف کارکردگی کی بنیادپر ہوگا جس میں مسلم لیگ (ن)پہلے ہی عوام کے سامنے سُرخُرو ہوچکی ہے اور پورے ملک میں تاریخ کے سب سے زیادہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے ،انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے محض ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح نہیں کیا بلکہ ان کی بروقت تکمیل کے ساتھ ساتھ اِن منصوبوں میں عوام کے اربوں روپے کی بچت بھی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان کے عوام عمران خان کی غلط بیانی کی سیاست کو جانچ چکے ہیں اور عمران خان اور اُن کی جماعت کی کارکردگی پوری قوم کے سامنے بے نقاب ہوچکی ہے جس کی وجہ سے بد ترین شکست خود عمران خان کی جماعت کو بھی نظر آنا شروع ہوگئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان کے عوام ایک بار پھر نواز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرینگے اور اُن میگا منصوبوں کی تکمیل کے ثمرات حاصل کرینگے جو پاک چین اقتصادی راہداری ودیگرترقیاتی وژن کے حوالے سے کیے جارہے ہیں ۔اس سے قبل وفاقی وزیر نے سانگلہ ہل میں اللہ بخش کمپلیکس سکول کے طلبہ میں تقسیم انعامات کی تقریب میں شرکت کی اور ہونہار طلبہ کے درمیان تحائف تقسیم کیے۔(ع ع)
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات