پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے،باجوڑ اور مہمند ایجنسیوں کے سرحدی علاقوںمیں سخت خطرات والے زونز میں باڑ کی تنصیب ہماری اولین ترجیح ہے،شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،بہتر منظم،محفوظ اور پر امن سرحد دونوں برادر ملکوں کے باہمی مفاد میں ہے،

بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی مہمند اور اورکزئی ایجنیسوں میں سرحدی علاقوں کے دورے کے موقع پر پاک فوج کے جوانوں سے بات چیت

ہفتہ 25 مارچ 2017 21:30

پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے،باجوڑ اور مہمند ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2017ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے،باجوڑ اور مہمند ایجنسیوں کے سرحدی علاقوںمیں سخت خطرات والے زونز میں باڑ کی تنصیب ہماری اولین ترجیح ہے۔شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

بہتر منظم،محفوظ اور پر امن سرحد دونوں برادر ملکوں کے باہمی مفاد میں ہے۔۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے یہ باتیں ہفتہ کو مہمند اور اورکزئی ایجنیسوں میں سرحدی علاقوں کے دورے کے موقع پر پاک فوج کے جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ جنرل قمر باجوہ نے کہا کہ بارڈر کیساتھ معمول کے مطابق فضائی نگرانی کے کے علاوہ پاک افغان سرحد پر اضافی ٹیکنیکل سرویلینس کے ذرائع بھی نصب کر دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک فوج ملک کے دفاع اور امن پسند پاکستانی قبائل کی حفاظت اور تحفظ کیلئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائیگی۔انہوں نے کہا کہ دو طرفہ بارڈر منیجمنٹ میکنزم کیلئے افغان حکام کیساتھ کوششیں جاری ہیں۔بہتر منظم،محفوظ اور پر امن سرحد دونوں برادر ملکوں کے باہمی مفاد میں ہے جنہوں نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں غیر معمولی قربانیاں دی ہیں۔

جنرل قمر باجوہ نے کہا کہ فاٹا کو قومی دھارے میں شامل کرنا بہتر قومی مفاد میں ہے۔قبائلی علاقوں میں پائیدار امن اور استحکام لانے کی غرض سے ترقیاتی کاموں پر عملدرآمد تیزی سے جاری ہے۔آرمی چیف کو اس موقع پر بارڈر سیکورٹی منیجمنٹ،سرحد پار دہشت گردی کے خطرات اور حال ہی میں سرحد پار سے پاکستانی پوسٹوں پر دہشت گرد حملوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

چیف آف آرمی سٹاف نے سوران اور کلایہ میں بھی فوجی جوانوں سے بات چیت کی اور انکے بلند حوصلوں،آپریشنل تیاریوں اورحالیہ سرحد پار سے دہشت گرد حملوں کے موثر جواب کی تعریف کی۔آرمی چیف نے حال ہی میں اینٹلی جنس بیسڈ آپریشن(آئی بی او)میں پانچ دہشت گردوں کی ہلاکت کو سراہا اور آپریشن کے دوران میجر مدثر اور دو جوانوں کی شہادت کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔جنرل قمر باجوہ نے کہا کہ انہیں ملک کو فسادیوں سے پاک کرنے کی کوششون میں سیکورٹی فورسز اور پاکستانی عوام کی عظیم قربانیوں پر فخر ہے۔قبل ازیں چیف آف آرمی سٹاف کی آمد پر کمانڈر پشاور کور لیفٹننٹ جنرل نذیر احمد بٹ نے انکا خیر مقدم کیا۔