کرپشن اور دہشت گردی کا گٹھ جوڑ فوجی عدالتوں کو طاقتور نہیں دیکھنا چاہتا،اپنی شوگر ملوں کیلئے بھارتیوں کو خصوصی ویزے جاری کروانے والے بھی کٹہرے میں لائے جائیں، حالیہ مہنگائی کی لہر حکومت کی ناکامی ہے،پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور اوردیگرکا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 25 مارچ 2017 20:54

کرپشن اور دہشت گردی کا گٹھ جوڑ فوجی عدالتوں کو طاقتور نہیں دیکھنا چاہتا،اپنی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 مارچ2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ملکی سلامتی کے ساتھ کھیل کھیلنے والے ملک اور قوم کو کمزور کررہے ہیں، بھارتیوں کو اپنی شوگر ملوں میں خصوصی ویزے جاری کروانے والے حکمرانوں سے بھی جواب طلب کیا جائے ، نیوز لیکس کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں ہورہی کرپشن اور دہشت گردی کا گٹھ جوڑ فوجی عدالتوں کو پاور فل نہیں دیکھنا چاہتا۔

انہوںنے سانحہ ماڈل ٹائون پر قائم ہونیوالے جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ فی الفور جاری کرنے کا مطالبہ کیا ۔ہفتہ کو اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے مختلف اضلاع کے رہنمائوں رائے شمشیر خان بھٹی، الطاف الرحمن، مرزا محمد انصر قیوم، ڈاکٹر عمر حیات، محمد ثاقب، فرید مقصود وٹو، ضیاء اللہ وڑائچ، شہباز فرید، عمران اسلم، میاں محمد نعیم، ریاض احمد قادری، ملک غلام یاسین، شفاقت علی مغل، میاں افتخار احمد، محمد سجاد خان، ڈاکٹر شہزاد حسین، سردار عارف علی، فاروق حسین، رانا سلیم عظمت، محمد انور قادری، محمد ظہیر خان، محمد ارشد، توقیر اعوان، ایم اقبال نور، محمد افضل، محمد طفیل ڈار، ملک رشید احمد کھوکھراجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مہنگائی کی حالیہ لہر کو حکومت کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کو عام آدمی کے مفاد سے کوئی سروکار نہیں ہے، انہوں نے مرغی اور ٹماٹر کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ اور مصنوعی مہنگائی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قیمتیں ایک ماہ پہلے والی سطح پر واپس لانے کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ حکمران پاکستان کو ایشیاء کا اقتصادی ٹائیگر بنانے کے ساتھ ساتھ مرغی اور ٹماٹر کی قیمتیں بھی کنٹرول کریں اور سی پیک منصوبوں میں کوئی ایک منصوبہ ٹماٹر کی پیداوار بڑھانے کا بھی شامل کریں کیونکہ دو سو روپے یومیہ کمانے والا مزدور اتنا مہنگا ٹماٹر اور سبزیاں نہیں خرید سکتا۔

رہنمائوں نے کہا کہ مرغی کا کاروبار حکمران خاندان کنٹرول کرتا ہے،خادم اعلیٰ غریب پر کچھ ترس کھائیں اور قیمتیں واپس لائیں۔گزشتہ 8سال میں 5 ویں مرتبہ پنجاب میں ٹماٹروں کا بحران آیا، غریب عوام سستا آٹا، سستی سبزیاں اور ملاوٹ سے پاک دودھ ، دوائیاں مانگ رہے ہیں مگر خادم اعلیٰ کی پہلی ترجیح اورنج ٹرین منصوبہ ہے۔اگر کسانوں کو نظر انداز کرنے کا سلسلہ جاری رہا تو خدانخواستہ پاکستان قحط کا شکار ہو گا اور گندم کا بل پٹرول کی امپورٹ کے بل سے بڑھ جائیگا۔ 300ارب روپیہ اورنج ٹرین کے بیکار منصوبے پر خرچ کرنے کی بجائے کسانوں پر خرچ کیا جاتا تو آج ہم ٹماٹر ،پیاز، دالوں اور بھنڈی توری کو نہ ترس رہے ہوتے۔