ہولی منانے پر رسٹیکیٹ کرنے اور حلف نامہ لینے کے معاملے کی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے، پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت

ہفتہ 25 مارچ 2017 20:49

حیدرآباد - (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2017ء) شیخ الجامع سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے آج یہاں حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سوشل میڈیا ودیگر میڈیا پر شایع ہونے والی خبروں جس میں 10 طالب علموںکو ہولی منانے پر رسٹیکیٹ کرنے اور حلف نامہ لینے کہ وہ آئندہ ایسے عمل میں ملوث نہیں ہونگے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے جس کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کر دے گی جس کی روشنی میں رولز کے تحت جو بھی اس معاملے میں ملوث ہوگا اسکے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پریس کانفرنس کرنے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ اقلیتی برادری کو یہ پیغام ملے کے انکے بچے جامعہ سندھ میں محفوظ ہیں،انہوں نے کہا کہ مذکورہ طالب علم شعبہ ماس کمیونیکیشن کے طالب علم ہیں ،انہوں نے کہا کہ اگر اس معاملے میں ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین کی غلطی ہوگی تو ان کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی انہیں اس معاملے کا پتہ چلا تو انہوں نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ طالب علموں کوبحال کر دیا تاہم انہوں نے مزید کہا کہ مسلم ہو یا اقلیت لیکن جامعہ کے لیے طالب علم ایک طالب علم ہے اور اقلیتی بچوں کو جامعہ میں مکمل مذہبی اظہار کی آزادی کا حق ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ ملک کی واحد جامعہ ہے جس میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے طالب علموں کی تعداد دیگر جامعات سے زیادہ ہے اور وہ انکی حوصلہ افزائی بھی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جامعہ میں کسی بھی طالب علم کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا گیا اور اگر کسی نے کیا بھی ہوگا تو اسکے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جامعہ میں ماحول کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ سے وابستہ ہر ایک فرد پھر وہ ملازمین ہوں، اساتذہ ہوں یا طالب علم سب کو کوڈ آف کنڈکٹ پر عمل کرنا ہوگا ۔

متعلقہ عنوان :