سرگودھا:حکومت نجی تعلیمی اداروں کی بھر پور معاونت کر رہی ہے، ڈاکٹر نادیہ عزیز

سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کا بہتر معیار نظام تعلیم سے بہترنتائج حاصل ہو رہے ہیں،ممبر صوبائی اسمبلی کا خطاب

ہفتہ 25 مارچ 2017 20:44

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2017ء) ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نادیہ عزیز نے کہا ہے کہ تعلیم کے فروغ کیلئے نجی تعلیمی ادارے گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں ۔حکومت ان تعلیمی اداروں کی بھر پور معاونت کر رہی ہے یہی وجہ ہے کہ آج پنجاب تعلیم کے میدان میں دیگر صوبوں سے بہت آگے نکل گیا ہے ۔ سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کا بہتر معیار نظام تعلیم سے بہترنتائج حاصل ہو رہے ہیں ۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ والدین ان تعلیمی اداروں پر اعتماد کا اظہار کر تے ہوئے اپنے بچوں کو تعلیم ضرور دلوائیں ۔ ان خیالات کاا ظہار انہوں نے سپیریئر گروپ آف کالجز کے سالانہ سپورٹس اینڈ کلچر فیسٹیول کے دوسرے روز کی تقریبات سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر سپیریئر گروپ آف کالجز پروفیسر حامد یونس ‘ وائس پرنسپل پروفیسر وزیر حیدر کے علاوہ اساتذ ہ کرام او رطالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر نادیہ عزیز نے کہاکہ طلباء میں نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کا فروغ نہایت ضروری ہے ۔ طلباء کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے تعلیم کے ساتھ سا تھ کھیلوں او رکلچرل شو کا انعقاد خوش آئندہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ موجودہ ملکی حالات میں تفریحی کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جارہے ہیںتاکہ طلباء آزادانہ او رپرامن ماحول میں تعلیم کا سلسلہ برقرار رکھ سکیں۔

یہی وجہ ہے کہ گذشتہ تعلیمی نتائج میں سکینڈری ‘ایلیمنٹری اور ڈگری کی سطح پر سپیر یئر کالج کے طلبا نے ضلع بھر میں سب سے زیادہ پوزیشن حاصل کر کے ایک منفرد ریکار قائم کیا ہے ۔ اس موقع پر وائس پرنسپل وزیر حیدرنے اپنا سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے ادارے کی سالانہ کارکردگی سے شرکاء کو آگاہ کیا ۔ سپورٹس اینڈ کلچرل فیسٹیول میں طالبات کی طرف سے مختلف ثقافتی سٹالز لگائے گئے تھے جن میں شرکاء نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔ بعدازاں ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نادیہ عزیز نے نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات میں میڈلز او ردیگر انعامات بھی تقسیم کئے ۔