سرگودھا: شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور شکایات کے ازالہ کیلئے متعلقہ حکام کی ٹال مٹول جاری

ہفتہ 25 مارچ 2017 20:44

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2017ء)ضلع میں شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور شکایات کے ازالہ کے طور پرحکام بالا کو رام کرنے اور شکائت گزاروں کو طفل تسلیوں کے طور پر فیزبیلٹی رپورٹس کے ذریعے ڈنگ ڈپائو پالیسی اپنانے کی روش تسلسل کے ساتھ جاری ہے اور گزشتہ 14ماہ کے دوران شہریوں کی شکایت اور حکام بالا کی ہدایت پر تیارہونیوالی لگ بھگ173فیزبیلٹی رپورٹوں میں سے کسی ایک پر بھی عملدرآمد نہ ہو سکا،صوبائی سیکرٹریز، محتسب سمیت دیگر اتھارٹیز کی طرف سے عوام کی کسی بھی شکائت کے ازالہ کیلئے دی گئی ڈیڈ لائن میں متعلقہ افسران کی طرف سے سوائے سرکاری ریکارڈ کا پیٹ بھرنے کے کچھ نہیں کیا جارہا،شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی بجائے فرضی منصوبے بنا کر حکام کو آگاہ کرنے کی روش نے حالات انتہائی ابتر بنا دیئے ہیں، کسی علاقے میں اگر سیوریج یا پینے کے پانی کا مسئلہ ہے تو پہلے سے موجود سسٹم کو بحال کرنے کی بجائے نئی لائنوں کی تنصیب کی فیزبیلٹی رپورٹس ارسال کر کے شکایت داخل دفتر کرنے کی استدعا کر دی جاتی ہے ،جبکہ شہریوں کی شکایات بدستور برقرار ہیں وزیر اعلی پٹیشن سیل کی ہدایت پر سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے سرگودھا ریجن کی تمام کارپوریشنز کو جاری مراسلہ میں اس امر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شکایات کے ازالہ کیلئے 15دن کا وقت مقرر کیا اور ہدایت کی ہے کہ پندرہ دن میں رپورٹ پیش نہ کرنیوالے متعلقہ ملازمین یا آفیسر کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے ،جبکہ ڈپٹی کمشنرز کو عوامی شکایات بابت فالو اپ رکھنے کیلئے واضح ہدایت بھی جاری کی گئی ہے ۔