عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹاون کے استغاثہ میں وزیر اعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ شہباز شریف، وفاقی اور صوبائی وزرا کو طلب نہ کرنے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

ہفتہ 25 مارچ 2017 19:51

عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹاون کے استغاثہ میں وزیر اعظم نواز شریف، ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2017ء) عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹاون کے استغاثہ میں وزیر اعظم نواز شریف، ان کے بھائی شہباز شریف، وفاقی اور صوبائی وزرا کو طلب نہ کرنے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ عوامی تحریک کے جواد حامد نے راے بشیر ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست دائر کی ہے جس میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی جانب سے شریف برادران، وفاقی اور صوبائی وزرا کو استغاثہ سے خارج کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے استغاثہ میں پولیس افسران کے خلاف جو ثبوت دئیے وہی ثبوت وزیر اعظم اوروزیر اعلیٰ کے خلاف بھی دئیے لیکن عدالت انہیں طلب نہیں کیا۔ درخواست میں کہا گیا کہ دس افراد کودن دیہاڑے قتل کرنے کا واقعہ غیر معمولی اور فوری انصاف کا متقاضی ہے۔ درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے حکم پر عمل کرنیوالوں کو تو بلا لیا لیکن جنہوں نے حکم دیا انہیں نہیں استغاثہ سے خارج کر دیا گیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ نواز شریف، شہباز شریف اور وزرا کو بھی عوامی تحریک کے استغاثہ میں شامل کیا جائے۔ (ایم خالد)