پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کی نئی تنظیم سازی ، مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر بھر میں جشن کا سماں بندھ گیا

کوٹلی اور باغ میں صف ماتم بچھ گئی ، سردار قمر الزمان اور چوہدری مطلوب انقلابی نے پارٹی قیادت کے فیصلے کو مسترد کردیا

ہفتہ 25 مارچ 2017 19:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2017ء) پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کی نئی تنظیم سازی کے بعد مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر بھر میں جشن کا سماں بندھ گیا جبکہ کوٹلی اور باغ میں صف ماتم بچھ گئی ، سردار قمر الزمان اور چوہدری مطلوب انقلابی نے پارٹی قیادت کے فیصلے کو مسترد کردیا ہے ۔ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی جانب سے آزاد کشمیر میں نئی تنظیم سازی کے بعد جہاں ریاست بھر کے کارکنان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے وہاں باغ سے سابق وزیر سردار قمرالزمان اور کوٹلی سے چوہدری مطلوب انقلابی پارٹی چیئرمین کے فیصلے سے سخت مایوس ہیں اور انہوں نے سوشل میڈیا پر پارٹی قیادت کے فیصلے کیخلاف مہم شروع کروا دی ہے ۔

ذرائع کے مطابق سردار قمر الزمان اور چوہدری مطلوب انقلابی کی خواہش تھی کہ انہیں اعلیٰ عہدوں پر ایڈجسٹ کیا جائے اور اس بات کا اعلان بھی متعدد بار سردار قمرالزمان عوامی اجتماع میں کر چکے ہیں کہ وہ پارٹی صدارت کے مضبوط ترین امیدوار ہیں جبکہ چوہدری مطلوب انقلابی پارٹی کی سیکرٹری جنرل شپ کی دوڑ میں تھے لیکن پارٹی قیادت کی جانب سے انہیں بھی نظر انداز کر دیا گیا ہے ، ذرائع کے مطابق سردار قمر الزمان کو ماضی میں مرکزی قیادت کے احکامات کو نظر انداز کرنے کی پاداش میں پارٹی عہدے سے محروم رکھا گیا جبکہ چوہدری مطلوب انقلابی ماضی میں بھی پارٹی میں گروپنگ میں رہے ہیں اورجس کی وجہ سے کوٹلی میں پیپلزپارٹی متعدد گروپوں میں تقسیم ہو چکی ہے اور چوہدری یاسین اور انکے درمیان گروپنگ کی وجہ سے پارٹی قیادت نے دونوں رہنمائوں کو نئی تنظیم سے آوٹ کر دیا گیا ہے ،ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر چوہدری یاسین اور سابق صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب کو بھی صدر نہ بننے کا شدید صدمہ ہے تاہم انہوں نے تاحال کسی قسم کے رد عمل کا اظہار نہیں کیا ہے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے چوہدری لطیف اکبر کو پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کا صدر ،چوہدری فیصل راٹھور کو سیکرٹری جنرل ، چوہدری پرویز اشرف کو سینئر نائب صدر ، سردار جاوید ایوب کو سیکرٹری انفارمیشن ، شاہین کوثر ڈار کو ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن اور سردار ضیاء القمر کو پی وائی او کا چیئر میں بنایا گیاتھا ۔ (شیراز راٹھور)