بلوچستان میں دہشت گردی کا خاتمہ ہور ہا ہے، دہشت گرد آخری سانسیں لے رہے ہیں، چوہدری نثار

اسلام میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں،اسلام امن کا نام اور اللہ کا پیغام ہے سکیورٹی فورسز فساد کے خلاف جہاد کر رہی ہیں بلوچستان کے عوام نے بہت سی مشکلات اور مسائل کا سامنا کیا ہے ، دنیا اب بلوچستان کی ترقی دیکھے گی، وفاقی وزیر داخلہ ملک اور قوم کے لیے پاک فوج اور ایف سی اور قانون نافذ کرنے والوں کی قربانیاںقابل ستائش ہیں، لورالائی میں 60ویں پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب

ہفتہ 25 مارچ 2017 19:32

لورالائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2017ء) پاکستان قائم رہنے کے لیے بنا ہے ۔ دشمن اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔ بلوچستان میں دہشت گردی آخری سسکیاں لے رہی ہے۔ آخری سانسیں لینے والے دہشت گرد بھی ختم کر دیں گے ۔ اسلام میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں بلکہ اسلام امن اور سلامتی کا درس دیتا ہے۔ ملک اور قوم کے لیے پاک فوج اور ایف سی اور قانون نافذ کرنے والوں کی قربانیاںقابل ستائش ہیں۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ضیا اسٹیڈیم لورالائی میں سکول آف ایف سی اینڈ ٹریننگ سنٹر میں 60ویں پاسنگ آئوٹ پریڈ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 2757ریکروٹس نے پاسنگ آئوٹ پریڈ میں حصہ لیا۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم احمد ، چیف انسٹرکٹر کرنل شعیب، صوبائی وزاء میر سرفراز بگٹی، عبید اللہ بابت، میر رحمت صالح بلوچ، حمید خان اچکزئی، سردار در محمد ناصر، آئی جی پولیس، احسن محبوب، کمشنر ژوب ڈویژن غلام فرید، ڈی آئی جی پولیس عبد اللہ خان، ایس ایس پی زاہد آفاق، ڈی جی نادرا اور صوبائی اور مرکزی محکموں کے آفیسران سمیت قبائلی و سیاسی شخصیات، علماء کرام، اساتذہ اور طلباء نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پریڈ کا معائنہ کیا ، آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم احمد ، چیف انسٹرکٹر کرنل شعیب بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ وفاقی وزیر داخلہ نے اچھی کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے پر لالک جان شہید کمپنی کے ریکروٹس کو شیلڈ اور انعامات دیے ۔ وفاقی وزیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں میں ہمسایہ ممالک کی ایجنسیاں بعض ملک دشمن عناصر کے ساتھ مل کر دہشت گردی کی کاروائیاں کررہے ہیں جن کی کمر توڑ دی گئی ہے ۔

یہ عناصر سی پیک جیسے بڑے منصوبے کو ناکا م بنانا چاہتے ہیں ۔ پاکستان کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے ان عناصر کے عزائم سے کو ناکام بنائیں گے ۔ پاک فوج ، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دشمن کے دانٹ کھٹے کیے ہیں ۔ ملک دشمن عناصر بلوچستان بلوچستان کے کچھ نوجوانوں کو پیسے اور روشن مستقبل کے خواب دکھا کر ورغلا رہے ہیں جس میں وہ ہر گز کامیاب نہیں ہوں گے انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصربلوچستان سمیت ملک کے کسی بھی حصے میں امن و امان نہیں چاہتے انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور ایف سی نے امن امان کے ساتھ ساتھ صوبے اور ملک میں سماج دشمن عناصر ، منشیات اور سمگلنگ کے خاتمے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ماضی میں بہت مشکلات کا سامنا کیا ہے ۔

ایف سی بلوچستان کے عوام کا ہر حال میں خیال رکھتے ہوئے امن وامن کی بحالی کے ساتھ ساتھ تعلیم ، صحت کے علاوہ بھی بلوچستان کے عوام کی خدمت کررہی ہے۔دنیا اب بلوچستان کی ترقی دیکھے گی کیوں کہ میگا پراجیکٹس سے صوبے سمیت ملک کی تقدیر بدلنے والی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایف سی بلوچستان میں فسادیوں کے خاتمے میں مصروف ہے اور ایف سی کی قربانیوں کی وجہ سے بلوچستان پہلے سے زیادہ محفوظ ہے۔